کثیر المقاصد ٹانک زم ڈیم کا ڈیزائن نیسپاک کے حوالے


 لاہور(بزنس رپورٹر) ڈائریکٹوریٹ جنرل سمال ڈیمز ایریگیشن ڈیپارٹمنٹ حکومت خیبر پی کے نے نیسپاک کو ٹانک زم ملٹی پرپز ڈیم کیلئے انجینئرنگ کنسلٹنسی خدمات فراہم کرنے کا ٹھیکہ دے دیا ہے۔ یہ بات نیسپاک کے منیجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر طاہر مسعود نے گزشتہ روز بتائی۔خیبر پی کے میں بننے والے ڈیم کی تخمینہ لاگت 18 ارب روپے ہے۔ صاحبزادہ محمد شبیر، ڈائریکٹر جنرل سمال ڈیمز، محکمہ آبپاشی پشاور اور عرفان الحق، نائب صدراور سربراہ جی ٹی اینڈ جی ای ڈویژن نیسپاک نے کنسلٹنسی سروسز کے معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔مجوزہ پروجیکٹ کا مقصد سیلاب سے پیدا ہونے والی صورت حال کی روک تھام اور اور تقریباً 70,000 ایکڑ اراضی کو سیراب کرنے کے لیے پانی ذخیرہ کرنا ہے۔جبکہ  25.5 میگاواٹ بجلی کی پیداوار اس منصوبے کا ضمنی حصہ ہے۔ دریں اثنائ، پانی اور بجلی کے محکمہ سول انجینئرنگ ڈویژن دیامر استور گلگت بلتستان نے نیسپاک کو ’’فیزیبلٹی سٹڈی اور تفصیلی ڈیزائن برائے 04 میگاواٹ ہائیڈل پاور پروجیکٹ کیلئے منتخب کیا ہے۔ یہ پروجیکٹ ضلع استور میں دریائے رتو کے ساتھ ساتھ ایک ہائیڈرو پاور پروجیکٹ کی شکل میں تعمیر کیا جائے گا۔

ای پیپر دی نیشن