اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد عالمی سازش کا حصہ ہے، مقامی سیاسی پلیئرز جن کا سرغنہ مے فیئرز اپارٹمنٹس میں موجود ہے، اس نے عالمی سازش کا حصہ بنتے ہوئے پاکستان کے خلاف سازش کی۔ مولانا فضل الرحمان، آصف علی زرداری اور شہباز شریف جیسے بونے پاکستان کو مستقل غلامی میں دینے کا پلان تیار کر رہے ہیں، یہ وہ پتلیاں ہیں جن کے تانے بانے لندن میں بیٹھے ہوئے شخص کے ہاتھ میں ہیں۔ یہ بات انہوں نے پیر کو یہاں سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر بھی موجود تھے۔ کامیاب جلسے پر عوام کا شکر گزار ہوں، گلگت بلتستان سے لے کر کراچی تک، کوئٹہ اور چاغی کے پہاڑوں سے لے کر لاہور تک اور لاہور سے اسلام آباد تک عوام نے عمران خان کی قیادت پر لبیک کہا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ سپریم کورٹ میں صدارتی ریفرنس دائر ہے، اس میں کچھ وقت لگے گا۔ انہوں نے کہا کہ آرٹیکل 63 اے کی تشریح اس لئے ضروری ہے کہ پاکستان میں مستحکم پارلیمانی نظام کیلئے تاحیات نااہلی لے کر آنا ہوگی۔ اس میں سزائیں رکھنا ہوں گی تاکہ لوگوں کی خرید و فروخت کا خاتمہ ہو سکے۔
عمران کے خلاف عدم اعتمادعالمی سازش‘مقامی سرغنہ مے فیئر اپارٹمنٹس میں موجود: فوادچوہدری
Mar 29, 2022