اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی ) ممبر قومی اسمبلی اور پارلیمانی سیکرٹری برائے قومی ورثہ و ثقافت ڈویڑن غزالہ سیفی نے کہا کہ آذربائیجان کے نجی شعبے نے چاول، فارماسیوٹیکل، ماربل و گرینائٹ اور دیگر بہت سی پاکستانی مصنوعات میں بہت دلچسپی ظاہر کی ہے لہذا انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تاجر برادری آذربائیجان کیساتھ تجارت و برآمدات کو فروغ دے کر اس کی مارکیٹ میں دستیاب کاروباری مواقعوں سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورے کے موقع پر تاجر برادری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد شکیل منیر نے کہا کہ صنعتی مشینری، پلانٹس، آلات اور پرزہ جات کی درآمد پر زیادہ ٹیکس اور ڈیوٹیز کی وجہ سے پیداواری لاگت بہت بڑھ گئی ہے ۔آئی سی سی آئی کے نائب صدر محمد فہیم خان نے کہا کہ حکومت کو ساحلی پٹی پر پام آئل کے درخت لگانے اور ملک میں زیتون کے مزید درخت لگانے پر توجہ دے تاکہ مقامی مارکیٹ کی ضروریات کو پورا کیا جا سکے ۔ کبیر، چوہدری محمد علی، اشعر حفیظ، اشفاق حسین چٹھہ، سعید احمد بھٹی اور دیگر نے بھی اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کیا او ر تاجر برادری کو درپیش مختلف مسائل کی نشاندہی کی جن کے ازالے کے لیے حکومت کی فوری توجہ کی ضرورت ہے۔