ڈیرہ ، کچہ ، کوہ سلیمان میں جرائم پیشہ عناصر کا خاتمہ کیا جائے : اے آئی جی 

ڈیرہ غازیخان (خبر نگار)ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس جنوبی پنجاب ڈاکٹراحسان صادق ایک روزہ دورے پر ڈیرہ غازی خان پہنچے تو ریجنل پولیس آفیسر محمد وقاص نذیرنے ان کا استقبال کیا جبکہ پولیس کے چاک وچوبند دستے نے سلامی دی اس موقع پر اے آئی جی ڈسپلن ساوتھ پنجاب عمران شوکت،ڈی پی او محمد علی وسیم  و دیگر افسران بھی موجود تھے ڈاکٹر احسان صادق نے ریجنل پولیس آفس میں اجلاس کی صدارت کی جس میں ڈیرہ غازی خان ریجن  میں امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا آر پی او محمد وقاص نذیر نے ریجن بھر میں جرائم کی صورتحال اور امن و امان قائم رکھنے کے سلسلے میں پولیس کے اقدامات سے آگاہ کیا ایڈیشنل آئی جی پولیس ڈاکٹر احسان صادق  نے کہا کہ کسی کو بھی معاشرے کے امن و امان میں خلل ڈالنے کی اجازت ہرگزنہ دی جائے اور قانون کی بالادستی کو برقرار رکھتے ہوئے جرم کرنے والوں کے خلاف بلاتخصیص کارروائی عمل میں لائیں کچہ کے علاقہ، کوہ سلیمان اور ڈیرہ غازی خان کے مضافات کے علاقوں میں لوگوں کی جان و مال کے تحفظ، جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی  اور ان کی کمین گاہوں کے خاتمہ کے لیے  دستیاب وسائل کا بہترین استعمال کرتے  ہوئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں ان علاقوں میں تعینات افسران پیشہ ورانہ امور کی انجام دہی کے لئے مزید فعال ہوں انہوں نے ہدایت کی کہ ایف آئی آر کے فوری اندراج اور پکار 15 کال پر فوری ریسپانس کو یقینی بنایا جائے بچوں کے اغوا اور ان کے خلاف جنسی جرائم پر بلاتاخیر سخت کارروائی عمل میں لائی جائے خواتین کی جنسی ہراسگی روکنے کے لیے قوانین پر سختی سے عمل کرائیں کرپشن،اختیارات سے تجاوز کرنے والے اہلکاران کا سخت احتساب کریں اشتہاری ملزمان،منشیات فروشوں، ناجائز اسلحہ کے خلاف مؤثر  کارروائیاں عمل میں لائی جائیں بعد ازاں ایڈیشنل آئی جی پولیس نے سپیشل انیشیٹو پولیس اسٹیشن صدر اور پولیس اسٹیشن گدائی کا اچانک معائنہ کرکے تھانہ جات کے ریکارڈ،فرنٹ ڈیسک،عمارت کی حالت، بیرکس،حوالات، تھانہ کی صفائی ستھرائی اور مالخانہ میں اسلحہ و بارود کا ملاحظہ کیا اور ضروری ہدایات جاری کیں انہوں نے کہا کہ ایس ڈی پی او اور ایس ایچ اوز عوام کے ساتھ خوش اخلاقی و خوش گفتاری سے پیش آئیں اور دفتری اوقات میں سائلین کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں انہوں نے کہا کہ تھانہ میں ملزمان پر تشدد اور پولیس حراست میں ہلاکت اور غیر قانونی حراست پر سخت محکمانہ و قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

ای پیپر دی نیشن