پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان 17 ویں ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ سیریز آج سے شروع ہو گی۔ تین ون ڈے میچز کی سیریز کے تینوں میچ قذافی سٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔ سیریز کا دوسرا میچ 31 مارچ اور تیسرا میچ دو اپریل کو کھیلا جائے گا دونوں ممالک کے درمیان اب تک 104 ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلے جا چکے ہیں۔ جن میں سے آسٹریلیا 68 پاکستان 32 میچز میں فاتح رہا۔ تین میچز کا فیصلہ نہ ہو سکا جبکہ ایک میچ جو 1992ء میں ہوبرٹ میں کھیلا گیا سنسنی خیز مقابلے کے بعد ٹائی ہو گیا۔ آسٹریلیا نے پہلے کھیلتے ہوئے سات وکٹوں پر 228 رنز بنائے پاکستانی ٹیم 229 رنز کا ٹارگٹ حاصل کرنے میں ناکام رہی اور نو وکٹیں گنوا کر 228 رنز ہی بنا سکی اور میچ ٹائی ہو گیا دونوں ممالک کے درمیان پہلا ون ڈے میچ ورلڈ کپ میں 7جون 1975ء کو ہیڈنگلے میں کھیلا گیا آسٹریلیا نے 60 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 278 رنز بنائے۔ پاکستانی ٹیم 205 رنز پر آؤٹ ہو گئی ماجد خاں نے عمدہ 65 اور آصف اقبال نے 53 رنز بنائے۔ آسٹریلیا کے مایہ ناز فاسٹ باؤلر ڈینس للی نے تباہ کن باؤلنگ کرتے ہوئے صرف 34 رنز دیکر پانچ وکٹیں حاصل کیں دونوں ممالک کے درمیان آخری ون ڈے سیریز مارچ 2019ء میں متحدہ عرب امارات میں کھیلی گئی جس میں آسٹریلوی ٹیم نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے پانچ میچز کی سیریز میں کلین سویپ کیا اس سیریز کے دوران حارث سہیل اور رضوان نے دو دو عابد علی نے ایک سنچری بنائی۔ آسٹریلوی بیٹسمین دوسرے ون ڈے میں 153 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے آسٹریلیا نے پاکستان کے خلاف سب سے زیادہ سکور سڈنی میں سات وکٹوں پر 337 رنز بنا رکھے ہیں جبکہ پاکستانی ٹیم نے 1998ء میں آسٹریلیا کے خلاف آخری ہوم سیریز کے دوران لاہور میں آٹھ وکٹوں پر 315 رنز بنائے تھے پاکستانی ٹیم 2002ء میں نیروبی میں 108 رنز پر ڈھیر ہو گئی آسٹریلیا کے باؤلر گلسپی نے تباہ کن باؤلنگ کرتے ہوئے صرف 22 رنز دیکر پاکستان کے پانچ کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی تھی پاکستان کی طرف سے آسٹریلیا کیخلاف پہلی ہیٹ ٹرک کرنے کا اعزاز جلال الدین کو حاصل ہوا انہوں نے 20 ستمبر 1982ء کو حیدر آباد کے سٹیڈیم میں آسٹریلوی کھلاڑیوں روڈنی مارش‘ یارڈلی اور جیف لاسن کو مسلسل تین گیندوں پر آؤٹ کر کے ہیٹ ٹرک کیا جو پاکستان کی طرف سے کسی باؤلر کا پہلا ہیٹ ٹرک تھا اس کے بعد پاکستان کے مایہ ناز فاسٹ باؤلر اور آل راؤنڈر وسیم اکرم نے شارجہ کپ میں چار مئی 1990ء کو آسٹریلیا کے بیٹسمینوں کم ہیوز‘ ریک مین اور آلڈر مین کو آؤٹ کر کے ہیٹ ٹرک کرنے کا اعزاز حاصل کیا یہ دلچسپ بات ہے کہ یہ تینوں آسٹریلوی کھلاڑی کلین بولڈ ہوئے آسٹریلیا کی طرف سے واحد ہیٹ ٹرک کرنے کا اعزاز اے ایم اسٹورٹ کو حاصل ہوا انہوں نے 1997ء میں میلبورن کے مقام پر پاکستان کے تین بہترین بیٹسمینوں اعجاز احمد‘ معین خاں اور محمد وسیم کو مسلسل تین گیندوں پر آؤٹ کر کے ہیٹ ٹرک کرنے کا اعزاز اپنے نام کیا انہو ںنے صرف انتیس رنز دیکر پانچ وکٹیں حاصل کیں آسٹریلیا کی طرف سے سب سے عمدہ باؤلنگ کرنے کا اعزاز ریک مین کو حاصل ہے انہوں نے 1983ء میں ایڈیلیڈ کے مقام پر صرف سولہ رنز دیکر پاکستان کے پانچ کھلاڑیوں کو پویلین کا راستہ دکھا دیا تھا پاکستان کی طرف سے فاسٹ باؤلر وقار یونس نے تباہ کن باؤلنگ کرتے ہوئے 2001ء میں نوٹنگھم کے میدان میں 59 رنز دیکر چھ وکٹیں حاصل کی تھیں وسیم اکرم نے 1982ء میں میلبورن میں صرف 21 رنز کے عوض پانچ کھلاڑی آؤٹ کئے تھے معروف فاسٹ باؤلر شعیب اختر نے جو راولپنڈی ایکسپریس کے نام سے مشہور ہیں 1992ء میں برسبین کے میدان میں 25رنز دیکر آسٹریلیا کے پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا پاکستان کے مایہ ناز سپنر ثقلین مشتاق نے 1996ء میں ایڈیلیڈ کے مقام پر 29 رنز دیکر پانچ وکٹیں حاصل کی تھیں۔
پاک آسٹریلیا ون ڈے سیریز کا شماریاتی اور تجزیاتی جائزہ
Mar 29, 2022