اسٹیل ملز کے سا بق چیئر مین سمیت 13ملزمان عدم  ثبوت پر بری


کراچی (نیوز رپورٹر) عدم ثبوتوں کی بنیاد پر احتساب عدالت نے پاکستان اسٹیل ملز کے سابق چیئرمین سمیت 13 ملزمان کو بری کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان اسٹیل ملز سے متعلق کرپشن ریفرنس میں احتساب عدالت نے فیصلہ سنا دیا۔ عدالت میں آج مارکیٹ ریٹ سے کم دام میں مال فروخت کرنے سے متعلق ریفرنس کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے سابق چیئرمین معین آفتاب شیخ سمیت 13 ملزمان کو بری کر دیا۔ نیب دستاویزات کے مطابق ملزم سابق چیئرمین پر کرپشن کی مد میں 1ارب 21کروڑ سے زائد روپے کرپشن کا الزام تھا۔ واضح رہے کہ سابق چیئرمین اسٹیل مل معین آفتاب اب تک 6 ریفرنسوں میں بری ہو چکے ہیں۔ نیب دستاویزات کے مطابق ملزمان میں سابق ڈائریکٹر کمرشل ممبر اسٹیل مل ثمین اصغر، ڈیلر سکندر علی جتوئی، بدر الدین اکبر، محمود علی بھی شامل ہیں۔ ریفرنس میں کہا گیا ہے کہ ان ملزمان کے خلاف 2012میں ایف آئی اے نے انکوائری شروع کی تھی، سپریم کورٹ نے حکم دیا تو کرپشن انکوائری ایف آئی اے سے نیب منتقل کر دی گئی۔ فیصلے سے واضح ہے کہ مذکورہ کیس میں نامزد افراد کے خلاف تاحال کوئی ٹھوس ثبوت عدالت میں پیش نہیں کیاجاسکا، جس بنا پر ملزمان کی بریت ہوئی۔

ای پیپر دی نیشن