پاکستان ائیر فورس اکیڈمی اصغرخان میں گرومنگ کورسز گریجویشن تقریب

Mar 29, 2022

 
اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) پاکستان ائیر فورس اکیڈمی اصغرخان میں127 ویں کمبیٹ سپورٹ، 43 ویں بی ایل پی سی، 7ویں لا گ، تیسرے AD(SSC) اور دوسرے گرومنگ کورسز کی گریجویشن تقریب منعقد ہوئی۔ ائیر مارشل ذوالفقار احمد قریشی، ڈپٹی چیف آف دی ائیر سٹاف(ٹریننگ) اس تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ معزز مہمان کی اکیڈمی آمد پر ائیر وائس مارشل قیصر جنجوعہ، ائیر آفیسر کمانڈنگ پی اے ایف اکیڈمی اصغر خان نے ان کا استقبال کیا۔تقریب میں کل 63 کیڈٹس گریجویٹ ہوئے۔ مہمانِ خصوصی نے گریجویٹ ہونے والے کیڈٹس میں برانچ کا نشان اور کورس میں بہترین کارکردگی پر ٹرافیاں تقسیم کیں۔ 127ویں کمبیٹ سپورٹ کورس میں بہترین کارکردگی پر ائیر مارشل اصغر خان ٹرافی ایوی ایشن کیڈیٹ محمد طلحہ نے حاصل کی۔ گریجویٹ کیڈٹس کو مخاطب کرتے ہوئے مہمان خصوصی نے کہا کہ اب وہ ایک ایسی بہترین فضائیہ کا حصہ ہیں جس کے نڈر فضائی جنگجو پیشروں نے بہادری، جذبہ قربانی اور حب الوطنی کی شاندار وراثت چھوڑی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ انہیں متعلقہ شعبوں میں ہونے والی تازہ ترین پیشرفت اور جدید تصورات سے باخبر رہنا چاہیے تاکہ وہ اپنے فرائض پوری لگن اور ذمہ داری کے ساتھ ادا کرسکیں۔ آخر میں مہمان خصوصی نے گریجویٹ ہونے والے کیڈٹس کو ان کی زندگی میں ایک اہم سنگ میل کی کامیابی پر مبارکباد دی۔ تقریب میں اعلی فوجی و سول حکام، گریجویٹ ہونے والے ایوی ایشن کیڈٹس کے والدین اور مہمانوں نے شرکت کی۔ 

مزیدخبریں