ہائیکورٹ: صوبائی محتسب کی تعیناتی کیخلاف درخواست پر سماعت غیرمعینہ مدت کیلئے ملتوی

Mar 29, 2022


لاہور (اپنے نامہ نگار سے) لاہور ہائی کورٹ نے صوبائی محتسب کی تعیناتی کے خلاف دائر درخواست پر مزید سماعت غیر معینہ مدت تک کے لئے ملتوی کردی۔ درخواست گزار کے وکیل نے سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کی جسے عدالت نے منظور کرلیا۔ مسٹر جسٹس شاہد وحید، مسٹر جسٹس شمس محمود مرزا اور مسٹر جسٹس ساجد محمود سیٹھی پر مشتمل تین رکنی بنچ نے درخواست پر سماعت کی۔ درخواست میں سابق چیف سیکرٹری اعظم سلیمان کی تعیناتی کو بطور محتسب اعلی پنجاب کی تقرری کو چیلنج کیا گیا ہے۔ درخواست گزار کا مزید موقف ہے کہ صوبائی محتسب کے کلرک کی بھرتی کیلئے بھی اہلیت مقرر ہے مگر صوبائی محتسب پنجاب کی تقرری کیلئے کوئی اہلیت مقرر نہیں کی گئی۔ اعظم سلیمان کو صوبائی محتسب لگانے کیلئے قانون میں ترمیم کر دی گئی، ترمیم سے قبل قانون کے تحت ہائیکورٹ کے سابق جج کو تعینات کیا جا سکتا تھا، صوبائی محتسب کی تقرری کے لیے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ سے مشاورت کرنا بھی ضروری ہے، حکومت نے چیف جسٹس سے مشاورت نہ کرکے اختیارات سے تجاوز کیا، عدالت سے استدعا ہے کہ صوبائی محتسب اعظم سلیمان کی تقرری کالعدم قرار دی جائے۔

مزیدخبریں