اسلام آباد(نا مہ نگار)روس سے خام تیل کا پہلا آزمائشی کارگو اپریل میں پاکستان لانے کی منصوبہ بندی جاری ،پیٹرولیم ڈویژن کے ذرائع کا کہنا ہے کہ روس سے خام تیل کا یہ کارگو اپریل کے وسط کے بعد تک متوقع ہے۔ذرائع کے مطابق روس سے تیل درآمد کے لیے ایس پی وی کمپنی کے قیام سمیت تمام امور پر کام جاری ہے، کمپنی کے قیام کے لیے ایس ای سی پی سے رابطہ کر رہے ہیں۔اس حوالے سے پاور ڈویژن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ روس سے تیل کی درآمد کے لیے دونوں ملک مکمل رابطے میں ہیں، روس سے تیل کی خریداری کا عزم کیے ہوئے ہیں، کوشش ہے جلد سستا تیل پاکستان آئے۔ترجمان کے مطابق گزشتہ ہفتے روسی وفد نے کراچی میں پی ایس او حکام سے مذاکرات بھی کیے تھے۔روس کا کہنا ہے کہ پہلے خام تیل کا ایک کارگو درآمد کرے جو پاکستان کی سنجیدگی کی نشاندہی کرے گا۔پاکستان نے اپریل میں ایک کارگو درآمد کرنے پر اتفاق کیا تھا۔پاکستان نے روس سے وعدہ کیا تھا کہ وہ ایک نئی اسپیشل پرپز وہیکل (SPV) کمپنی قائم کرے گا جو پاکستانی ریفائنریوں کو روسی تیل کی درآمد کی ذمے دار ہوگی۔ وزیر پٹرولیم نے اعلان کیا تھا کہ روس سے خام تیل کی پہلی کھیپ اپریل کے پہلے ہفتے تک پہنچ جائے گی۔