لاہور (نیوز رپورٹر) نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کی زیر صدرات اجلاس میں پنجاب میں شہریوں کی سہولت اور رش کم کرنے کیلئے مفت آٹے کے سنٹرز کو صبح 6 بجے کھولنے کا فیصلہ کیا گیا اور آج سے صوبہ بھر میں آٹا ڈسٹری بیوشن سنٹر صبح 6 بجے کھلیں گے۔ محسن نقوی نے کہا کہ صوبائی وزراءاور سیکرٹریز اگلے 3 روز تک تفویض کردہ اضلاع میں فرائض سرانجام دیں گے۔ صوبائی وزراء اور سیکرٹریز آٹا سنٹرز کے وزٹ کرکے خود صورتحال کا جائزہ لیں گے جبکہ ڈی پی اوز اور ڈپٹی کمشنرز بھی صبح کے وقت سنٹرز پر موجود رہیں گے۔ محسن نقوی نے آٹا سنٹرز پر اضافی پولیس کی نفری تعینات کرنے کی ہدایت کی۔ محسن نقوی نے ساہیوال اور بعض دیگر شہروں میں آٹا سنٹرز پر دھکم پیل اور بد نظمی کے واقعات پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ سنٹرز پر آنے والے شہریوں کی بہتر انداز سے مینجمنٹ کی جائے۔ شہریوں کو مناسب طریقے سے گائیڈ کیا جائے اور قطاریں بنانے کے اعلانات کئے جائیں۔ وزیراعلیٰ کو دوران بریفنگ بتایا گیا کہ اب تک پنجاب بھر میں تقریباً ایک کروڑ 32 لاکھ آٹا تھیلے شہریوں میں تقسیم کئے جا چکے ہیں۔ محسن نقوی نے ساہیوال میں مفت آٹا سنٹر پر بھگدڑ کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے خاتون کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ محسن نقوی نے ڈی آئی جی سپیشل برانچ کو افسوسناک واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ تحقیقات کرکے حقائق سامنے لائے جائیں اور غفلت کے ذمہ داروں کا تعین کیا جائے۔جہاں بھی غفلت سامنے آئی، بلا امتیاز کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ واقعہ میں زخمیوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔ ایک انسانی جان قیمتی ہے۔