حکومت کا سستا پٹرول منصوبہ  ناکام بنانے کی سازش


پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز نے حکومت کا سستا پٹرول پراجیکٹ ماننے سے انکار کرتے ہوئے مذکورہ پراجیکٹ کو پیٹرولیم ڈیلرز اورعوام کے درمیان متوقع بڑے تنازعے کا سبب قرار دیدیا۔ پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے سینئر رہنما کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے سستے پیٹرول منصوبے کے اعلان سے بے پناہ پریشان ہیں‘ پیٹرول منصوبے میں کئی پیچیدگیاں ہیں۔ حکومت نے ہمیں اعتماد میں نہیں لیا‘ ہم اس پالیسی کو سمجھے بغیر اس پر عملدرآمد سے قاصر ہیں۔ پیٹرول پمپ مالکان کے پاس کوئی ایسا خزانہ نہیں کہ وہ ادھار یا سستا پیٹرول لوگوں کو دے سکیں۔ 
حکومت کی جانب سے عوام کو موٹرسائیکل‘ رکشہ اور چھوٹی گاڑیوں کیلئے سستا پٹرول دینے کا اعلان کیا گیا تو عوام کو اطمینان ہوا کہ ان نامساعد حالات میں انہیں کچھ آسودگی کی امید ہوئی ہے مگر پٹرول مافیا نے سستا پٹرول دینے سے انکار کرتے ہوئے حکومتی اعلان کو ہوا میں اڑا دیا جو حکومتی رٹ کو چیلنج کرنے کے مترادف ہے۔ پی ٹی آئی دور حکومت میں بھی جب عوام کو ریلیف دینے کی غرض سے حکومت نے پٹرول سستا کرنے کا فیصلہ کیا تو پٹرول پمپ مالکان نے عوام کو پٹرول کی سپلائی بند کرکے حکومت کو فیصلہ واپس لینے پر مجبور کر دیا تھا جس سے بخوبی اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ ملک میں ایک طاقتور مافیا قابض ہے جو عوامی مفاد کے کسی حکومتی فیصلے کو لاگو نہیں ہونے دیتا۔ ادھر پٹرولیم ڈیلر ایسوسی ایشن کاگلہ بھی درست نظر آتا ہے کہ حکومت نے اس سے مشاورت کئے بغیر ہی سستے پٹرول کا اعلان کر دیا جس پر عملدرآمد کرنا ان کیلئے ممکن نہیں۔ اگر حکومت نے عوام کو سستا پٹرول فراہم کرنے کا عزم باندھا تھا تو اسے اعلان سے پہلے پٹرول ڈیلرز ایسوسی ایشن سے مشاورت ضرور کرنی چاہیے تھی۔ اگر مشاورت کے بعد اعلان کیا جاتا تو یقیناً عوام کو اس وقت سستا پٹرول مل رہا ہوتا۔ ماہ رمضان میں حکومت کی جانب سے عوام کیلئے جن سستے پیکیجز کا اعلان کیا گیا‘ اس پر بھی کہیں عملدرآمد ہوتا نظر نہیں آرہا۔ کئی رمضان بازاروں میں کوئی چیک اینڈ بیلنس نہیں‘غیرمعیاری اشیاءمہنگے داموں فروخت ہو رہی ہیں۔اس لئے اب ضروری ہو گیا ہے کہ جو مافیا حکومتی رٹ کو چیلنج کرے اوراسکے عوامی مفاد کے فیصلوں پر عملدرآمد سے انکار کرے ‘ اسکے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے۔ اگر ان مافیاز پر فوری قابو نہ پایا گیا تو کل کو کوئی بھی اٹھ کر حکومت کیلئے مشکلات پیدا کر سکتا ہے۔ 

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...