سینٹ الیکشن: بلوچستان کے 9 امیدوار بلامقابلہ کامیاب، پنجاب کا نوٹیفکیشن جاری

لاہور+ کوئٹہ+ کراچی+ پشاور ( نوائے وقت رپورٹ+بیورو رپورٹ)سینیٹ کی نشستوں کے لئے پولنگ 2 اپریل کو ہوگی،  الیکشن کمیشن نے پنجاب سے بلامقابلہ کامیاب ہونے والے سینیٹ کے امیدواروں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔نوٹیفکیشن کے مطابق مسلم لیگ ن کے 5 اور سنی اتحاد کونسل کے 2 سینیٹرز بلا مقابلہ منتخب ہوئے۔مسلم لیگ ن کے پرویز رشید، احد چیمہ اور ناصر بٹ بلا مقابلہ سینیٹر منتخب ہوئے، لیگی رہنما طلال چودھری اور حکومتی اتحاد کے نامزد امیدوار محسن نقوی بھی جنرل نشست پر بلا مقابلہ سینیٹر منتخب ہوئے ہیں۔سنی اتحاد کونسل کے ایڈووکیٹ حامد خان اور سنی اتحاد کونسل کے حمایت یافتہ مجلس وحدت المسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس بھی بلامقابلہ سینیٹر منتخب ہوئے۔   بلوچستان میں سینیٹ کی 11 میں سے 9 سینیٹرز بلا مقابلہ منتخب ہوگئے۔7 جنرل نشستوں پر تمام امیدوار بلا مقابلہ منتخب ہوگئے، خواتین کی دو نشستوں پر پہلے ہی امیدوار بلا مقابلہ منتخب ہوچکی ہیں۔ٹیکنوکریٹ کی دو نشستوں پر 3 امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہوگا ۔بلا مقابلہ منتخب ہونے والوں میں سابق نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ بھی شامل ہیں، جنرل نشستوں پر ن لیگ کے سیدال ناصر اور آغا شاہ زیب درانی سینیٹر منتخب ہوئے۔جنرل نشست پر پیپلز پارٹی کے سردار عمر گورگیج، نیشنل پارٹی کے جان بلیدی سینیٹر منتخب ہوئے، عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما ایمل ولی بلوچستان سے بلا مقابلہ سینیٹر منتخب ہوگئے، جے یو آئی ف کے احمد خان بھی بلا مقابلہ سینیٹر منتخب ہوئے۔خواتین کی نشستوں پر ن لیگ کی راحت جمالی اور پیپلز پارٹی کی حسنہ بی بی سینیٹر منتخب ہوئیں۔
 سندھ کی 12نشستوں پر مجموعی طور پر 20امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہوگا۔ 7جنرل نشست پر11امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہوگا، ان امیدواروں میں پی پی ،ایم کیوایم ، پی ٹی آئی اور آزاد امیدوار فیصل واوڈا شامل ہیں۔خواتین کی 2مخصوص نشستوں پر 3 امیدوار مقابلے پر ہیں،  ٹیکنو کریٹ کی دو نشستوں پر 4امیدوار مقابلے پر ہیں۔اقلیتی ایک نشست پر2 امیدواروں میں مقابلہ ہوگا۔عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر ایمل ولی خان بلا مقابلہ سینیٹر منتخب ہو گئے ہیں اے این پی کی پارلیمانی سیاست میں انٹری ہو گئی ہے ایمل ولی بلوچستان سے بلامقابلہ کامیاب قرار پائے گئے ہیں۔ ایمل ولی نے سیاست میں انٹری اپنے والد اسفند یار ولی خان کے بیماری کے بعد کی تھی۔

ای پیپر دی نیشن