سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ بجلی 2.75 روپے یونٹ مہنگی، فروری کیلئے 5 روپے اضافے کا فیصلہ باقی

Mar 29, 2024

 اسلام آباد ( خبرنگارخصوصی+نوائے وقت رپورٹ )  نیشنل الیٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (  نیپرا ) نے بجلی کمپنیوں کے صارفین کیلیے دوسری سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کے نرخ 2 روپے 75 پیسے فی یونٹ بڑھانے کی منظور دے دی، فیصلے سے صارفین پر 40ارب روپے کا  اضافہ بوجھ پڑے گا۔ نیپرا کے مطابق دوسری سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کا اطلاق اپریل، مئی اور جون 2024 کے ماہ کے بلوں پر ہوگا۔نیپرا کے فیصلے  کا اطلاق کے الیکٹرک سمیت بجلی کی تمام تقسیم کار کمپنیوں ( ڈسکوز) پر ہوگا۔ ڈسکوز نے نیپرا کوسہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی درخواست دی تھی، جس پر اتھارٹی نے 14 فروری کو عوامی سماعت کی تھی۔نیپرا کا کہنا ہے کہ اس سے قبل صارفین سے2 سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 4 روپے 43 پیسے فی یونٹ چارج کیا جا رہا تھا جو کہ مارچ 2024 تک تھا، صارفین کوگزشتہ سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی نسبت اس سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 1 روپے 68 پیسے کم چارج کیا جائے گا۔نیپرا کے مطابق اس فیصلے کا اطلاق لائف لائن صارفین پر نہیں ہوگا۔قبل ازیں چیئر مین وسیم مختار کی زیر صدارت نیپرا حکام نے سماعت کی۔ سی پی پی اے حکام نے بتایا کہ تین ارب سے زائد بقایا جات ایڈجسٹمنٹ کی مد میں مانگے گئے ہیں،اس ماہ فروری کیلئے اضافہ 4 روپے 99 پیسے فی یونٹ مانگا گیا۔ممبر نیپرا نے کہا کہ سی پی پی اے اور وزارت دونوں نیپرا کی بات نہیں سن رہے، خود تسلیم کر چکے ہیں کہ پیداوار 12 فیصد تک کم ہوئی، مقامی کوئلہ استعمال نہ کرنے کی وجہ سے کیسپٹی پیمنٹس بڑھیں۔انہوں نے کہا کہ گڈو پاور پلانٹ کو اوپن سائیکل پر چلا کر بوجھ ڈالا گیا،صارفین پر کمرشل بیسڈ لوڈشیڈنگ لفٹ کر کے بوجھ کم کیا جا سکتا تھا،غریب ملک نہیں ہیں ہماری مینجمنٹ غریب ہے۔ این ٹی ڈی سی حکام نے کہا کہ آبادی بڑھ رہی ہے اور بجلی کی طلب کم ہو رہی ہے۔نیپرا حکام نے ایک ماہ کیلیے بجلی 5 روپے فی یونٹ مہنگی کرنے کی سماعت مکمل کرتے ہوئے ابتدائی منظوری دے دی، حتمی فیصلہ بعد میں جاری کیا جائے گا۔

مزیدخبریں