لگتا ہے یہ عمرے کسی خاص شخص کیلئے ہورہے ہیں، پشاور ہائیکورٹ 

Mar 29, 2024

 پشاور (این این آئی)پشاور ہائیکورٹ میں کیس کی سماعت کے دوران درخواست گزار کے وکیل نے اپنے موکل کے عمرے پر جانے کے لیے اجازت طلب کی جس پر عدالت نے دلچسپ ریمارکس دیے۔پشاور ہائیکورٹ کے جسٹس عتیق شاہ اور جسٹس شکیل احمد نے صوبائی وزیر فضل شکور اور ارکان اسمبلی کے نام ای سی ایل اور اسٹاپ لسٹ میں ڈالنے کے خلاف کیس کی سماعت کی۔دوران سماعت وکیل درخواست گزار نے کہا کہ درخواست گزار عمرے کے لیے باہر جانا چاہتے ہیں، اس پر جسٹس عتیق نے سوال کیا کہ یہ سارے عمرے کے لیے جارہے ہیں؟ لگتا ہے یہ عمرے کسی خاص شخص کے لیے ہورہے ہیں، وہاں ویڈیوز بناکر کہیں گے کہ ہم نے آپ کے لیے عمرہ کیا اور دعا بھی مانگ رہے ہیں۔جسٹس شکیل احمد نے وکیل درخواست گزار سے کہا کہ یہ اپنے ساتھ اسد قیصر کو بھی لے جائیں وہ بھی عمرے کے لیے جانا چاہتے تھے۔بعد ازاں عدالت نے وفاقی حکومت، ایف آئی اے اور متعلقہ فریقین سے 7 دن میں جواب طلب کرلیا۔

مزیدخبریں