لاہور‘فیصل آباد‘چنیوٹ‘کمالیہ(نامہ نگاران‘ نمائندہ خصوصی‘ نمائندہ نوائے وقت)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر پنجاب پولیس کی دھاتی ڈور اور پتنگ بازوں کے خلاف مہم جاری ہے جس کے نتیجے گذشتہ روز بھی 100سے زائد قانون شکنوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ پولیس ٹیمیں صوبہ بھر میں شہریوں کی موٹر سائیکلز پر حفاظتی وائر گارڈز بھی لگا رہی ہیں۔ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبہ بھر سے ملزموں کے خلاف 100سے زائد مقدمات درج کرتے ہوئے 110 ملزموں کو گرفتارکیا گیا، ملزموں کے قبضے سے 35250 پتنگیں، 622 چرخیاں برآمد ہوئیں۔ رواں سال میں پتنگ بازی کے خلاف مختلف کارروائیوں کے دوران1872مقدمات درج کر کے1931ملزموں کی گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے۔ترجمان لاہور پولیس نے بتایا کہ گرفتار ملزمان کے قبضہ سے37ہزار350 سے زائد پتنگیں اور1622چرخیاں برآمدکی گئی ہیں۔ فیصل آباد دھاتی ڈور پھرنے سے خاتون زخمی اورپتنگ بازوں کے خلاف کریک ڈائون چار ملزم گرفتار پتنگیں اور ڈور برآمد‘ تھانہ منصور آباد کے علاقہ منصور آباد میں طاہر الرحمان کی بیوی آمنہ سعید اپنے گھر کی چھت پر سوکھنے کے لیے کپڑے پھیلا رہی تھی کہ اسی دوران دھاتی ڈور اس کے ماتھے پر پھرنے سے زخمی ہو گئی۔ چنیوٹ تھانہ سٹی اور تھانہ کانڈیوال کے علاقہ جات میں چار پتنگ باز ارشد ، نزرا ، مجاہد اور اسد کو گرفتار کر کے پتنگیں اور کیمیکل ڈوریں برآمد کرلی گئی۔کمالیہ 24گھنٹوں کے دوران اب تک پتنگ فروشوں اور پتنگ بازوں کے خلاف 35 سے زائد مقدمات درج کیے جاچکے ہیں۔ بیس سے زائد ملزمون کو گرفتار کیا گیا ہے قبضہ سے5ہزار سے زائد پتنگیں اور متعدد کیمیکل ڈور کی چرخیاں برآمد کی گئی ہیں۔
فیصل آباد میں ڈور پھرنے سے خاتون زخمی‘ 114پتنگ باز گرفتار
Mar 29, 2024