شیخوپورہ (نمائندہ نوائے وقت) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ضلعی صدر و سابق رکن صوبائی اسمبلی محمد عارف خان سندھیلہ نے کہا ہے کہشہباز شریف نے جس طرح لیپ ٹاپس دئیے اسی طرح مریم نواز بھی لیپ ٹاپ اور الیکٹرک بائیکس دیں گی۔ وزیر اعلیٰ اپوزیشن کے پاس خود چل کر گئیں اور کہا کہ ان کے دفتر کے دروازے اپوزیشن پر کھلے ہیں جو ان کی جمہوریت پسندی کاکھلا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان شاء اللہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی قیادت میں پنجاب ترقی کرے گا، خاص طور پر غریب اور بے سہارا خواتین کو ان کے گھروں کے دروازے پر راشن پہچانا مریم نواز کا احسن اقدام ہے، جس کی وجہ سے مریم نواز غریب اور بے سہارا گھرانوں کی دعائیں لے رہی ہیں۔ رمضان المبارک میں چوروں اور ذخیرہ اندوزوں کا سختی سے محاسبہ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی خدمت کا مشن پہلے سے بڑھ کر تیزی سے جاری رکھا جائے گا اور عوام سے جو وعدے کئے ہیں انہیں مقررہ مدت میں پورا کرنے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے گی۔
غربا کو گھر کی دہلیز پر راشن فراہمی وزیراعلیٰ پنجاب کا احسن اقدام: عارف سندھیلہ
Mar 29, 2024