کراچی(آئی این پی)سندھ کے وزیرِ آبپاشی جام خان شورو نے کہا ہے کہ سندھ میں پانی کی کمی پر وفاق سے اختلاف ہے۔ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ نارا اور روہڑی کینال کو 7ہزار 200کیوسک پانی مل رہا ہے، سندھ میں فصلوں کی پیداوار کے لیے پانی کی کمی نہ کی جائے۔وزیرِ آبپاشی سندھ نے کہا ہے کہ سندھ کی دیگر کینالوں میں 70فیصد تک پانی کی کمی ہے، روٹیشن پروگرام کے تحت فصلوں اور پینے کے پانی کی فراہمی یقینی بنا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایل بی او ڈی، ڈھورو پران، ہاکڑو ڈرین سے بارش کا پانی نکالنے کی الگ اسکیم بنا رہے ہیں، اسکیم کے تحت آر ڈی 210پر بڑا گیٹ لگایا جائے گا۔وزیرِ آبپاشی سندھ جام خان شورو کا کہنا تھا کہ متعلقہ ڈپٹی کمشنرز سے ایل بی او ڈی، ڈھورو پران، ہاکڑو ڈرین کی رپورٹ مانگی ہے، ڈی سی میر پور خاص ڈھورو اور پران نالوں سے تجاوزات ہٹانے پر کام کریں۔
صوبے میں پانی کی کمی پر وفاق سے اختلاف ہے،وزیرِ آبپاشی سندھ
Mar 29, 2024