پتنگ بازی پر پابندی ، مکمل عمل درآمد کرایاجائے،ممبران ڈسٹرکٹ بار

Mar 29, 2024

راولپنڈی(محبوب صابر/جنرل رپورٹر)ضلعی بارایسوسی ایشن راولپنڈی کے ممبران نے کہا ہے کہ پتنگ بازی پر عائد پابندی پر مکمل عمل درآمد کرایاجائے، پتنگ بازی جیسے خطرناک کھیل سے انسانی جانوں کو نقصان پہنچ رہا ہے، کبھی کوئی زخمی ہو جاتا ہے تو کبھی اپنی جان سے بھی ہاتھ دھو بیٹھتا ہے،اس لئے اس حوالے سے قانون سازی میں سختی کی جائے، پتنگیں تیار کرنے اور ہول سیل کا کام کرنے والے افراد کو گرفتار کیا جائے، ضلعی بار ایسوسی ایشن راولپنڈی کے ممبران قاض خلیل الرحمان ایڈووکیٹ، قاضی ادریس الرحمان ایڈووکیٹ، نفیس الرحمان ایڈووکیٹ، منور زمان ایڈووکیٹ،محمد لطیف ایڈووکیٹ، زاہد رضاایڈووکیٹ،عمیر شہزاد ایڈووکیٹ، سعد رفیع ایڈووکیٹ احمد علی ایڈووکیٹ اور میڈم اقرا ایڈووکیٹ  نے نوائے و قت سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جو کھیل، کھیل نہ رہے اور جانوں کیلئے خطرہ بن جائے توا س بند کر دینا چاہیئے اور اس کھیل کیلئے کوئی جگہ مخصوص کر دینی چاہئے تاکہ نوجوان اپنا شوق پورا کر سکیں، کیمیکل اور دھاتی ڈور کے استعمال پر بھی مکمل پابندی عائد کر دینی چاہئے، انہوں نے کہا کہ پہلے بھی پتنگ بازی کی جاتی تھی نوجوان اپنے گھروں کی چھتوں پر پتنگیں اڑاتے تھے اور اس میں دھاگے کا ستعمال ہو تا تھا اب تو اس میں بھی جدت آ گئی ہے کیمیکل اور دھاتی ڈور استعمال کی جا رہی ہے جو سخت نقصان دہ ہے،سڑکوں پر جاتے اور گلی محلوں میں یہ خطرناک ڈور ان کے گلوں پر پھر جاتی ہے جس سے لوگ زخمی ہو جاتے ہیں، انہوں نے کہا کہ پولیس حکام سڑکوں پر پتنگ لوٹتے نوجوانوں کو تو پکڑ لیتے ہیں سینکڑوں بلکہ ہزاروں کی تعداد میں فروخت کرنے والے بڑے دکانداروں اور ان کو تیارکرنے والے افراد کے خلاف بھی سخت قانونی کارروائی کریں تاکہ بازار میں پتنگیں، ڈور اور دیگر سامان فروخت کیلئے ہی نہ آئے۔

مزیدخبریں