پاکستان سٹاک ایکسچینج کے سی ای او فرخ ایچ خان نے کہا ہے کہ ہمیں سبسڈی نہیں چاہیے، لیول پلیئنگ فیلڈ چاہیے۔سی ای او پاکستان سٹاک ایکسچینج فرخ ایچ خان نے پاکستان سٹاک ایکسچینج میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیرِ خزانہ کا منصب سنبھالنے پر محمد اورنگزیب کو مبارک باد پیش کرتا ہوں ،پاکستان کیپیٹل مارکیٹ سب سے زیادہ ڈاکیومینٹڈ ہے، پاکستان سٹاک مارکیٹ میں کسی زمانے میں 9 ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری تھی، بیرونی سرمایہ کاری اس وقت ایک ارب ڈالرز ہے، یہ اعداد مارکیٹ کی صلاحیت کی نشاندہی کرتے ہیں۔انہوںنے کہا کہ ٹیکس کا ساز گار ماحول فراہم کریں، ہم جانتے ہیں کہ حکومت کو معیشت کے لئے مشکل فیصلے کرنے ہیں۔سی ای او پاکستان سٹاک ایکسچینج نے کہا کہ ہم آپ کے اہم فیصلوں کی حمایت کریں گے، مارکیٹ کا ریکارڈ بنانا آپ پر اعتماد کا مظہر ہے۔