علیمہ خان نے نواز شریف کو پانامہ کیس میں سزا دینا غلطی قرار دیدیا

Mar 29, 2024 | 13:20

 پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے نواز شریف کو پانامہ کیس میں اقامہ پر سزا دینا غلطی قرار دیدیا،اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان کا کہنا تھا کہ پاناما کیس میں جج نے غلطی کی تھی۔ جس کیس میں انہیں سزا دی وہ اقامہ تھا۔ اصلی کیس پر نواز شریف کو سزا نہیں سنائی گئی۔ اگر اصل کیس میں سزا ہوتی تو آج یہ ایسے نہ پھر رہے ہوتے۔6 ججز کے خط نے بہت سارے افراد کو بھی بے نقاب کیا ہے، جب تک جج انصاف کیلئے کھڑے نہیں ہوتے تو انصاف نہیں ملتا، جج افتخار چوہدری کے ساتھ کھڑے ہوئے آج وکلا کو ان ججز سے یکجہتی کرنی چاہیے۔بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان کا مزید کہنا تھاکہ اگر آپ کیس سن لیں اسد مجیدکے بیان سے کوئی شک باقی نہیں رہےگا، سائفر کیس میں 10 سال کی سزا اور غداری کیس دفن ہو جائیں گے، ڈونلڈ لو کو بچانے کیلئے یہ کیس چلایا جا رہا ہے۔ انہوں نے سوال کرتے ہوئے مزید کہا کہ سائفر کی نو کاپیاں ہوئیں، پوچھیں کتنی واپس آئی ہیں، سائفر کی باقی کاپیاں کہاں ہیں؟بانی پی ٹی آئی کو جیل میں ہونا ہی نہیں چاہئے وہ ہمیشہ انصاف اور عدلیہ کی شفافیت کی بات کرتے ہیں۔یاد رہے کہ گزشتہ روز لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے بانی تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی 3 مقدمات میں عبوری ضمانت میں 4 اپریل تک توسیع کر دی تھی۔ جناح ہاوس، عسکری ٹاور حملہ اور تھانہ شادمان نذرِ آتش کرنے کے مقدمات میں عمران خان کی عبوری ضمانتوں پر انسداد دہشت گردی عدالت کے ڈیوٹی جج ارشد جاوید نے سماعت کی تھی۔عمران خان کے جونیئر وکلا کی ٹیم عدالت میں پیش ہوئی، عدالت نے ملزم کی اڈیالہ جیل سے ویڈیو لنک پر حاضری مکمل کرانے کا حکم دیا تھا۔عمران خان کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر سے عدالت نے دلائل طلب کئے تھے۔جونیئر وکلا کی ٹیم نے استدعا کی کہ سینیئر وکیل بیرسٹر سلمان صفدر مصروف ہیں، مہلت دی جائے۔ عدالت نے عمران خان کی 3 مقدمات میں عبوری ضمانت میں 4 اپریل تک توسیع کر دی تھی۔

مزیدخبریں