ایک غیرملکی جریدے کو انٹرویو میں صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے ہرممکن تعاون کی پیشکش کے باوجود ممبئی حملوں کے بعد بھارتی رویہ مایوس کن رہا ۔ پاکستان کو توقع تھی دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت سنجیدہ رویہ اختیار کرے گی لیکن بدقسمتی سے ایسا نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ تمام ممالک کو اپنے شایان شان رویہ اختیارکرنا چاہیئے، جنگ کبھی کسی مسئلے کا حل نہیں ہوتی ۔ ملک کی سیاسی صورتحال سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ صدرنے کہا کہ پاکستان میں جمہوری حکومت اور پارلیمنٹ کو کوئی خطرہ نہیں ، سیاسی قوتیں مل کر آگے بڑھ رہی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کچھ معاملات میں میڈیا کا رویہ نامناسب ہے۔ آج پاکستان کو دہشت گردی سمیت سنگین چیلنجز درپیش ہیں اورہم پاکستان کی بقا کی جنگ لڑرہے ہیں ، ایسی صورتحال میں کچھ اندرونی اورذاتی معاملات کو پیچھے رکھنا ہوگا۔ ایران کے ساتھ تعلقات پر امریکی رویئے کے بارے میں صدر نے کہا کہ پاکستان پرکوئی دباؤ نہیں ڈال سکتا ، ہم وہ کریں گے جو ملک کے مفاد میں ہوگا ۔