فوڈ آئٹمز پر ٹیکس دانشمندانہ اقدام نہیں: زاہد عتیق

May 29, 2013

لاہور(سٹی رپورٹر) سابق صدر لاہور ٹیکس بار ایسوسی ایشن زاہد عتیق چوہدری نے کہا کہ ان ڈائریکٹ ٹیکسز کی شرح بڑھانا عوام پر بوجھ ڈالنے کے مترادف ہے حکومت سیلز ٹیکس نظام کی پیچیدگیاں اور غیر ضروری اسثتنیٰ ختم کرے، بجلی کے بلوں پر انکم ٹیکس عائد کرنا غیر آئینی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف کی طاقت ور حکومت کو جی ایس ٹی 17 فیصد کرنے جیسے کمزور اقدامات نہیں کرنے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکس وصولیوں میں اضافے کیلئے موجودہ ٹیکس گزاروں پر مزید بوجھ ڈالنا مناسب نہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومت کے وزیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے اسمبلی کے فلور پر کہا تھا کہ حکومت نے 7 لاکھ ایسے افراد کی لسٹ مرتب کی ہے جو ٹیکس ادا نہیں کر رہے ۔ انہوں نے کہا کہ چینی اور دودھ جیسی فوڈ آئٹمز پر ٹیکس عائد کرنا دانشمندانہ اقدام نہیں۔

مزیدخبریں