لندن (نوائے وقت نیوز) لندن میں انتہاپسند تنظیم انگلش ڈیفنس لیگ نے پھر اشتعال انگیز مظاہرہ کیا اور وول ایچ میں فوجی کے قتل پر مسلمانوں کے خلاف نعرے بازی کی جبکہ گرمسبی میں مسجد کو شہیدکرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ برطانیہ کی انتہاپسند تنظیم انگلش ڈیفنس لیگ کو لندن میں دندناتے پھرنے کی کھلی چھوٹ مل گئی ہے۔ دہشتگردوں کے ہاتھوں برطانوی فوجی کے قتل کے نام پر سنٹرل لندن میں ای ڈی ایل نے مارچ کیا اور مسلمانوں کے خلاف نعرے لگائے۔ برطانوی وزیراعظم کی رہائش گاہ کے سامنے کئے گئے اس مظاہرے کے شرکاءبینر اورپلے کارڈاٹھائے ہوئے تھے اورانتہاپسند تنظیم کے لیڈر ٹومی روبنسن نے عرب ممالک میں انقلاب کی طرز پر اپنے کارکنوں کوبرطانیہ میں انگلش سپرنگ لانچ کرنے پراکسایا۔ مارچ کے سبب وائٹ ہال علاقے میں ٹریفک بری طرح سے جام رہااور لوگوں کو شدید دشواری کا سامنا رہا۔ فاشسٹ تنظیموں کے خلاف افراد بھی ای ڈی ایل کے خلاف جمع ہوگئے۔ پرامن مظاہرین پربوتلوں سے حملے کئے گئے جن سے کئی افراد زخمی ہوئے۔ انتہاپسندوں کی جانب سے مساجد پر بھی حملے کئے جارہے ہیں اوراس اسلامی ثقافتی مرکز پرپیٹرول بم سے حملے کرنے والے 2 افراد کو گرفتارکر لیاگیا ہے۔ نامعلوم شرپسندوں نے ایک وارمیموریل پر بھی اسلام پینٹ کردیاجس سے علاقے میں کشیدگی پھیل گئی ہے۔