اسلام آباد (وقائع نگار) اسلام آباد ہائیکورٹ نے پاسپورٹ کی تیاری کےلئے لیمنیشن فراہم کرنے والی فرم کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ان کیمرہ بریفنگ کے لئے طلب کر لیا ہے۔ فاضل عدالت نے امریکن فرم اپسیک کو 7جون کو طلب کر لیا ہے۔ منگل کے روز مقدمے کی سماعت عدالت عالیہ کے جسٹس شوکت عزیز صدیقی پر مشتمل سنگل بنچ نے کی۔ عدالتی کارروائی شروع ہوئی تو درخواست گزار نجی فرم ریلائنس کے کونسل سلمان اکرم راجہ نے فاضل عدالت کے روبرو مﺅقف اپنایا کہ پاسپورٹ لیمینیشن کوالٹی کے لحاظ سے درخواست گزار کمپنی پہلے نمبر پر تھی لیکن بغیر وجہ بتائے منظور نظر کمپنی کو ٹھیکہ دیدیا گیا جو پیپرا رولز کی خلاف ورزی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مذکورہ امریکی فرم کو ٹھیکہ دیتے ہوئے لیمینیشن کی مخفی خوبیوں کو نظرانداز کیا گیا ہے لہٰذا اس ٹھیکے کے خلاف حکم امتناعی جاری کیا جائے۔ فاضل عدالت نے درخواست گزار کی استدعا مسترد کرتے ہوئے مذکورہ حکم جاری کر دیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے پاسپورٹ لیمینیشن فراہم کرنیوالی فرم کو نوٹس جاری کر دیا
May 29, 2013