ممبئی (آئی اےن پی) سپاٹ فکسنگ میں پانچ ٹیموں کے6 کھلاڑی سپاٹ فکسنگ میں ملوث ہیں، بھارتی میڈیا پولیس نے کھلاڑیوں کےخلاف تحقیقات شروع کر دیں۔ راجستھان رائلز کے علاوہ آئی پی ایل کی دیگر ٹیموں کے ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق سپاٹ فکسنگ میں دیگر پانچ ٹیموں کے چھ کھلاڑی ملوث ہیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق کھلاڑیوں کا تعلق ممبئی انڈینز، رائل چیلنجر بنگلور، راجستھان رائلز، کنگز الیون پنجاب اور دہلی ڈیئر ڈیولز سے ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق چھ کھلاڑیوں سے متعلق اہم پیشرفت کی توقع ہے۔ پولیس نے سپاٹ فکسنگ میں ملوث کھلاڑیوں پر ہاتھ ڈالنے کے لئے شواہد جمع کرنا شروع کر دئیے ہیں۔ دوسری جانب سپاٹ فکسنگ کے الزامات کی تحقیقات کے لئے تین رکنی کمیٹی کے ارکان کے نام سامنے آگئے ہیں۔ تحقیقاتی ٹیم میں روی شاستری، اجے شیرکی اور ہائیکورٹ کے ریٹائرڈ جج شامل ہیں۔ ادھر احمدآباد میں کرائم برانچ پولیس نے ونود مل چندانی نامی سٹے باز کو گرفتار کرکے سوا کروڑ روپے اور ایک کلو سونا برآمد کر لیا۔ پولیس نےبارہ موبائل فون اور دو لیپ ٹاپ بھی برآمد کر لئے۔
آئی پی ایل سپاٹ فکسنگ مزید ٹیموں کے ملوث ہونے کا انکشاف
May 29, 2013