ملتان (نامہ نگار خصوصی) جمعیت علماءاسلام (س) کے مرکزی رہنما مولانا محمد اجمل قادری نے کہا ہے کہ پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبہ اور گوادر پورٹ پلیٹ فارم میں رکھ کر چین کو پیش کرنا عقل مندی نہیں ہے صدر زرداری نے جاتے وقت ایک بھونڈی چال کے ذریعے قوم سے انتقام لیا ہے جس کا خمیازہ پرویز مشرف کے دیئے گئے تحفوں سے زیادہ کڑوا ہو گا۔ حالیہ انتخابات بے مقصد اور انٹر نیشنل اسٹیبلشمنٹ کا برین چائلڈ ہے جس کا مقصد 2014 امریکی افواج کے انخلا کو ممکن بنانا ہے تاہم جولائی 2015 میں ہونے والے عام انتخابات حقیقی انتخابات ہوں گے ممکنہ وزیراعظم نوازشریف کا طالبان سے مذاکرات کیلئے مولانا سمیع الحق سے رابطہ خوش آئند ہے تاہم حکومت اور طالبان کے مابین مذاکرات کی کامیابی کیلئے مفتی اعظم کی گارنٹی کی بجائے پاکستان کے سپہ سالار اشفاق پرویز کیانی‘ چیف جسٹس آف پاکستان‘ محمد افتخار چوہدری ممکنہ وزیراعظم نواز شریف اور صدر زرداری کی گارنٹی زیادہ ضروری ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ملتان میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ نگران حکومت کے ہوتے ہوئے چینی وزیراعظم کا بے صبری میں پاکستان کا دورہ سوالیہ نشان ہے امریکہ کے بعد اب چین کی غلامی میں آنا دانش مندی نہیں چین کی دوستی پاکستان کو مہنگی پڑے گی انہوں نے کہا کہ افغانستان میں موجود شمالی اتحاد سے مذاکرات کے ہم مخالف ہیں کیونکہ اس اتحاد کا جھکاو بھارت کی طرف ہے جبکہ افغانستان پاکستان کی پہلی دفاعی لائن ہے انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت نے جو دہشت گردی برداشت کی ہے خیبر پی کے میں پاکستان تحریک انصاف کو اس سے زیادہ بڑی دہشت گردی برداشت کرنا پڑے گی۔ انہوں نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ اگر پاکستان کو چند ماہ تک مفت تیل مل سکتا ہے تو ڈالر 80 روپے تک آ جائے گا جو کہ پاکستان کی اقتصادی حالت کیلئے مستقل خطرہ ہو گا اور قوم آئندہ پانچ سال بھی لوڈشیڈنگ کے عذاب سے دوچار رہے گی۔
حالیہ الیکشن بے معنی تھے‘ 2015ءمیں حقیقی انتخابات ہونگے: مولانا اجمل قادری
May 29, 2013