خیبر پی کے میں اربوں کی بے ضابطگیوں کا انکشاف

May 29, 2014

اداریہ

 ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل نے خیبر پی کے میں تحریک انصاف کی حکومت کی جانب سے 365 مائیکرو ہائیڈل پاور پراجیکٹس کے ٹینڈر جاری کرنے میں اربوں کی بے ضابطگیوں کا انکشاف کیا ہے۔
 ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل ایک ایسی بین الاقوامی تنظیم ہے جو کرپشن کے بارے بڑے بڑے سکینڈل عوام کے سامنے لاتی ہے۔ ماضی میں رینٹل پاور‘ لاہور میں بلاول ہائوس کی تعمیر ، این آئی سی ایل، حج سکینڈل ، پی آئی اے اور سٹیل ملز سمیت متعدد محکموں میں کرپشن کی نشاندہی کی گئی اور ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹس کو ہی لیکر تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان پیپلز پارٹی کی حکومت کیخلاف دھواں دار پریس کانفرنس کرتے تھے لیکن اب اسی ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل نے صوبہ خیبر پی کے میں 365 مائیکرو ہائیڈل پاور پراجیکٹس کے ٹینڈر من پسند افراد کو دینے کا انکشاف کیا ہے۔ عمران خان کرپشن کے تدارک‘ شفافیت اور قانون کی حکمرانی کی باتیں کرتے ہیں اب وہ اس میں مداخلت کیوں نہیں کر رہے، ٹرانسپرنسی اٹرنیشنل پاکستان کے چیئر مین سہیل ظفر نے وزیراعلیٰ خیبر پی کے کو خط بھی لکھا ہے اسکے باوجود خیبر پی کے حکومت نے اس پر نوٹس نہیں لیا ۔کیا یہ کرپشن نہیں؟ عمران خان نے کرپشن کے الزامات پر آفتاب شیر پائو کی جماعت کے وزراء کو حکومت سے نکالا تھا لیکن اب وہ اس کرپشن اور اقربا پروری پر خاموش ہیں۔ کیااربوں روپے کی بے ضابطگیاں کرپشن نہیں؟ عمران خان اپنی اکثر پریس کانفرنسوں میں حضرت فاطمۃ الذھرا کے واقعے کا ذکر کرتے ہیں لیکن آج وہ اپنے قریبی رفقاء کی اس کرپشن پر خاموشی اختیارکرکے اقربا پروری کی ایک بد ترین مثال قائم کر رہے ہیں۔ عمران خان صاحب 4حلقوں میں دھاندلی پر عوام کو اکسا رہے ہیں لیکن دوسری طرف انکی ناک کے نیچے اربوں روپے کی کرپشن ہورہی ہے۔ عمران خان دوسروں پر اعتراض کرنے سے پہلے اپنے گھر کا قبلہ بھی درست کریں اور ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ پر ایکشن لیں۔

مزیدخبریں