اسلام آباد(آن لائن)حکومت اور اپوزیشن کے درمیان تحفظ پاکستان آرڈیننس کی مختلف شقوں پر اختلافات طے نہیں کئے جاسکے تاہم دونوں فریقوں نے آئندہ ہفتے ایک اور ملاقات پر اتفاق کیا ہے اور وفاقی وزیر زاہد حامد نے امید ظاہر کی ہے کہ معاملات طے کرلئے جائیں گے۔حکومت اور اپوزیشن جماعتوں کے درمیان تحفظ پاکستان آرڈیننس(پی پی او) کے بارے میں مذاکرات ہوئے۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں مختلف شقوں پر اپوزیشن کے تحفظات کا جائزہ لیا گیا اور بعض امور طے کرلئے گئے تاہم بعض شقوں پر بدستور اختلافات موجود ہیں۔ذرائع کے مطابق اپوزیشن کو دہشت گردی کے ملزم کو 90دن تک حراست میں رکھنے اور تحقیقات کے طریقہ کار کے ساتھ ساتھ معاملات عدالت کی نگرانی میں دینے اور چیف جسٹس سے مشاورت پر زور دیا گیا۔ اعتزاز احسن نے بتایا کہ ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی لیکن یہ نتیجہ خیز ثابت نہیں ہوسکی،بہت سی شقوں پر اتفاق نہیں ہوا۔ جماعت اسلامی کے رکن قومی اسمبلی طارق اللہ نے کہا کہ اچھے ماحول میں بات چیت ہوئی ہے لیکن اختلافات موجود ہیں۔