اسلام آباد (نامہ نگار) احتساب عدالت اسلام آباد نے سابق صدر آصف علی زرداری کو پولو گراؤنڈ کرپشن ریفرنس سے بری کردیا جبکہ کوٹیکنا اور ایس جی ایس کیس میں بریت کی درخواست مسترد کردی، عدالت نے اے آر وائی گولڈ اور ارسس ٹریکٹر کیس کا فیصلہ 4 جون تک محفوظ کرلیا ہے،گزشتہ روز احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے سابق صدر آصف علی زرداری کی جانب سے دائر کردہ پانچوں نیب مقدمات میں 265k کے تحت بریت کی درخواست پر دلائل مکمل ہونے کے بعد محفوظ کیا گیا فیصلہ سنایا، فیصلے کے مطابق پولو گراؤنڈ ریفرنس میں سابق صدر کی بریت کی درخواست منظور کرتے ہوئے ناکافی شواہد کی بنا پر انہیں بری کردیا گیا ہے، عدالت نے قرار دیا ہے کہ پولو گراؤنڈ ریفرنس میں نیب سابق صدر کیخلاف الزام ثابت نہیں کر سکا، ایسے شواہد پیش نہیں کئے جا سکے جس سے ملزم کو مجرم قرار دیا جا سکے، عدالت نے کوٹیکنا اور ایس جی ایس ریفرنس میں سابق صدر کی بریت کی درخواست مسترد کرتے ہوئے شواہد مانگ لئے اور مزید گواہوں کو طلب کر لیا، عدالت نے اپنے تحریری فیصلے میں کہا ہے کہ نیب نے کوٹیکنا اور ایس جی ایس کیس میں مزید گواہان اور ثبوت عدالت میں پیش کرنے کی درخواست کی ہے۔ عدالت ان دو مقدمات کی سماعت 9 جون کو کرے گی جبکہ اے آر وائی گولڈ اور ارسس ٹریکٹر ریفرنس کا فیصلہ 4 جون کو سنایا جائے گا۔ واضح رہے کہ سابق صدر زرداری کیخلاف کرپشن کے یہ ریفرنس 1998ء قائم کئے گئے تھے۔ آصف علی زرداری کی جانب سے صدارت کے عہدے سے ہٹنے کے بعد انکے خلاف ریفرنسز کی سماعت دوبارہ شروع کر دی گئی تھی۔
زرداری پولو گرائونڈ ریفرنس میں بری ،کوٹیکنا ایس جی ایس کیسوںمیں بریت کی درخواستیں مسترد
May 29, 2014