مقبوضہ کشمیر: ’’توسہ میدان سے فوج نکالی جائے‘‘ سرپنچوں کا مظاہرہ: شبیر شاہ سمیت متعدد حریت رہنما گرفتار

May 29, 2014

سرینگر  (اے پی پی) مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی پولیس نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنمائوں شبیر احمد شاہ ،شبیر احمد ڈاراور محمد یوسف نقاش کو پانپور سے گرفتار کرلیا ہے ۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق شبیر احمد شاہ اور محمد یوسف نقاش کی قیادت میں ایک وفد حال ہی میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں شہید ہونے والے کشمیری نوجوانوں اشفاق احمد بٹ اورزبیر احمد بٹ کے اہلخانہ سے اظہار یکجہتی کیلئے شوپیان اور کو لگام جارہا تھا تاہم پولیس نے انہیں پانپور میں گرفتارکرلیا۔مقبوضہ کشمیر میں توسہ میدان سے فوجی انخلاء کے مطالبے کے لیے منگل کو پریس کالونی سرینگرمیں توسہ میدان بچائو فرنٹ کے ممبران اور علاقے کے سرپنچوں نے احتجاجی مظاہرے کئے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مظاہرین نے کٹھ پتلی وزیر اعلی پر زور دیا کہ وہ لیز کی منسوخی سے متعلق جلد از جلداحکامات صادر کرکے عوام کو آگاہ کرے۔احتجاج میں شامل ارکان نے کہا کہ علاقہ میں کئی مقامات پر سینکڑوں ایسے بارودی شل موجود ہیںجو نہیں پھٹے ہیںاور جن کی وجہ سے لوگ گھروں سے باہر نکلنے میں خوف محسوس کرتے ہیں۔مظاہرین نے قابض انتظامیہ کے بیان کہ توسہ میدان کی اراضی کو پھر سے فوج کو لیز پر نہیں دیا جائے گا پر کہا کہ اس حوالے سے باضابطہ طورپر احکامات صادر کئے جانے چاہئیں۔

مزیدخبریں