راولپنڈی (ثناءنیوز+ آن لائن+ این این آئی) آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے عمان کی رائل آرمی کے کمانڈر میجر جنرل مطار بن سلیم بن راشد بولوسی کی ملاقات، پیشہ وارانہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے پیشہ وارانہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں ممالک کے درمیان تربیتی امور میں تعاون سے متعلق بھی بات چیت ہوئی۔ میجر جنرل مطار بن سلیم بن راشد بولوسی نے شہداء کی یاد گار پر پھول بھی چڑھائے۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کی قربانیاں قابل ستائش ہیں۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور خاص طور پر تربیت کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ بعدازاں وفد کو پاک فوج کی آپریشنل اور تربیتی سرگرمیوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ قبل ازیں جی ایچ کیو آمد پر وفد کو پاک آرمی کے چاک وچوبند دستے نے سلامی دی اور گارڈ آف آنر پیش کیا۔ سیکرٹری دفاع لیفٹیننٹ جنرل (ر) آصف یاسین ملک نے کہا ہے کہ پاکستان اور عمان کے درمیان تعاون کی وسیع گنجائش موجود ہے، دوطرفہ تجارت اور بالخصوص دفاعی پیداوار کے شعبے میں تعلقات مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔ وہ عمان کی شاہی فوج کے کمانڈر میجر جنرل مطر بن سلیم بن رشید البلوشی سے گفتگو کررہے تھے جنہوں نے وزارت دفاع میں ان سے ملاقات کی۔ سیکرٹری دفاع نے کہا کہ پاکستان عمان کے ساتھ اپنے قریبی تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے جو مشترکہ مذہب، ثقافت اور ورثے پر مبنی ہے۔