سعودی عرب کی سلامتی اور علاقائی سالمیت کی مکمل حمایت کرتے ہیں: سرتاج عزیز

May 29, 2015

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعظم کے مشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیز نے سعودی عرب کی سلامتی اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کیلئے پاکستان کی غیرمتزلزل حمایت کا اعادہ کیا ہے۔ دفتر خارجہ کے مطابق انہوں نے کویت میں اسلامی تعاون تنظیم کی وزرائے خارجہ کونسل کے بیالیسیویں اجلاس کے موقع پر سعودی عرب کے وزیر خارجہ عادل بن احمد الجبیر سے ملاقات کے دوران پاکستان کی اس حمایت کا اعادہ کیا۔ واضح رہے کہ عادل الجبیر سعودی عرب کے نئے وزیر خارجہ ہیں اور دونوں وزراءخارجہ کی یہ پہلی ملاقات تھی۔ سرتاج عزیز نے سعودی ہم منصب کو یمن کے بحران کو پرامن انداز میں حل کرنے کے حوالے سے پاکستان کے علاقائی ملکوں سے رابطوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ سعودی وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان خوشگوار برادرانہ اور تذویراتی تعلقات قائم ہیں جو وقت کے ساتھ ساتھ مضبوط سے مضبوط تر ہو رہے ہیں۔ وہ جلد پاکستان کا دورہ کرنے کے متمنی ہیں۔ سرتاج عزیز نے انہیں آپریشن ضرب عضب کی کامیابیوں اور پاکستان چین معاشی راہداری منصوبہ کی تفصیلات کے بارے میں بریفنگ دی۔
سرتاج عزیز


مزیدخبریں