اسلام آباد ( آئی این پی + نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ پاکستان چین اقتصادی راہداری پر تمام سیاسی جماعتیں ایک پیج پر ہیں، پاکستان کو ایشین ٹائیگر بننے سے کوئی نہیں روک سکتا، قائد اعظم اور ان کے ساتھیوں کی زبان سے کبھی یہ لفظ نہیں نکلا کہ ہم نے یہ ملک مسلمانوں کے کسی خاص فرقے کےلئے بنایا ہے بلکہ یہ برصغیر کے مسلمانوں کےلئے الگ وطن تھا تاکہ مسلمان پرامن اور خوشحال زندگی گزار سکیں، پاکستان تو حاصل کرلیا پاکستانی بننا بھول گئے، ہمارا فرض ہے کہ بچوں کو تقسیم اور تفریق کا نشانہ نہ بننے دیں۔ اس تعلیم سے بھی محفوظ رکھیں جو تفریق کا درس دیتی ہے۔ مقامی ہوٹل میں ’میں نے پاکستان بنتے دیکھا‘ کتاب کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 1947ءکا مبارک دن تھا جس دن پاکستان کو حاصل کیا گیا، مگر قائد اعظم اور ان کے ساتھیوں کی زبان سے کبھی یہ لفظ نہیں نکلا کہ ہم نے یہ ملک مسلمانوں کے کسی خاص فرقے کےلئے بنایا ہے بلکہ یہ بر صغیر کے مسلمانوں کےلئے ایک الگ وطن تھا تاکہ مسلمان پرامن اور خوشحال زندگی گزار سکیں۔ اپنے آپ کو فرقوں میں تقسیم کرلیا، فرقوں کی بنیاد پر نفرت اور زہر پھیلایا گیا، ہمیں تباہ کرنے کےلئے دشمنوں کی ضرورت نہیں، ہم نے خود ہی اپنے اسباب پیدا کرلئے۔ دوسرا مبارک دن 1973ءکے آئین کا دن تھا جس دن قوم کو متفقہ آئین ملا۔ تیسرا چوتھا مبارک دن 28 مئی ہے جب پاکستان نے اپنا دفاع ناقابل تسخیر بنایا، اسی لئے پاکستان کو کسی غیر ملکی طاقت سے کوئی خطرہ نہیں۔ آج 28 مئی کو تمام سیاسی جماعتیں اکٹھی ہوئیں اور متفقہ اعلامیہ جاری کیا کہ پاکستان چائنہ اقتصادی راہداری پر کسی کو کوئی اختلاف نہیں ہوگا، مل کر کام کریں گے اب پاکستان کو معاشی طور پر ایشین ٹائیگر بننے سے کوئی نہیں روک سکتا، ہمارا فرض ہے کہ بچوں کو تقسیم اور تفریق کا نشانہ نہ بننے دیں، اس تعلیم سے بھی انہیں محفوظ رکھیں جو مسالک اور فرقے کی بنیاد پر تقسیم کرتی ہے، صرف پکا، سچا مسلمان اور پاکستانی بننے کا بچوں کو درس دیں۔ تمام سیاسی جماعتوں کے اتحاد نے قوم کو خوشخبری سنائی 28 مئی کے دن پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر بنا دیا گیا۔ 28 مئی 1998ءکو پاکستان کو ہمیشہ کیلئے محفوظ بنا دیا گیا۔ سب کا فرض ہے کہ اپنے بچوں کو منافرت کی تعلیم سے دور رکھیں۔ پاکستان چین اقتصادی راہداری میں کسی قسم کا اختلاف نہیں کیا جائے گا۔ تمام سیاسی جماعتوں نے پاکستان چین اقتصادی راہداری پر ملکر کام کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
پرویز رشید