یوم تکبیر جوش و جذبے سے منایا گیا، ملک بھر میں تقریبات، کیک کاٹے گئے

لاہور (خصوصی رپورٹر +کامرس رپورٹر+ اپنے نامہ نگار سے+خصوصی نامہ نگار) لاہور سمیت ملک بھر میں یوم تکبیر جوش و خروش سے منایا گیا۔ یوم تکبیر کے سلسلے میں مسلم لیگ ن اور اس کی ذیلی تنظیموں کے زیراہتمام سیمینارز اور تقریبات منعقد کی گئیں جن میں پاکستان کو ایٹمی طاقت بنانے پر وزیراعظم نواز شریف، ڈاکٹر عبدالقدیر خان سمیت ایٹمی پروگرام شروع کرنے والوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا۔ یوم تکبیر کی تقریبات میں کیک بھی کاٹے گئے۔ لاہور میں مرکزی تقریب ایوان اقبال میں مسلم لیگ ن تاجر ونگ کے زیر اہتمام منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی مسلم لیگ ن کے رہنما و رکن قومی اسمبلی میاں حمزہ شہباز تھے۔ مسلم لیگ ن ورکرز آرگنائزیشن کے زیر اہتمام یوم تکبیر کے سلسلے میں سیمینار ’’یوم تکبیر اور نواز شریف‘‘ مرکزی صدر خواجہ محمود کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں آرگنائزیشن سیکرٹری طیبہ فاروق، جنرل سیکرٹری پنجاب نائیلہ عمر سمیت وسیم بٹ، وسیم قریشی اور دیگر نے خطاب کیا۔ مسلم لیگ ن پنجاب کے دفتر مسلم ٹائون میں لیبر ونگ لاہور کے صدر شہزاد انور چودھری نے یوم تکبیر کے سلسلے میں کیک کاٹا جہاں سردار خالد ملک، عماد جٹ، میاں عدنان ثناء اللہ، باغ علی نے بھی اظہار خیال کیا۔ مسلم لیگ ن کے زیر اہتمام ایوان اقبال میں ہونے والی مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ اقتصادی راہداری کے منصوبے کو کالا باغ ڈیم کی طرح سازش کی نذر نہیں ہونے دیں گے۔ پاکستان کو ایٹمی قوت بنانے میں قیادت کی جرأت، بہادری اور بروقت دلیرانہ فیصلوں نے کلیدی کردار ادا کیا۔ ملک کو ایٹمی طاقت بنانے والی قیادت ہی اسے معاشی ٹائیگر بنائے گی۔46 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری سے ملک کی تقدیر بدلے گی۔ ساہیوال میں چین کے تعاون سے کوئلے سے 1300 میگاواٹ بجلی کا منصوبہ لگایا جا رہا ہے اور چین کے سرمایہ کاروں نے اپنے حصے کے فنڈز اکائونٹس میں ٹرانسفر کردیئے ہیں جب 2018ء کے انتخابی عمل میں جائیں گے تو نواز شریف نے اس قوم سے لوڈ شیڈنگ کے جن کو بوتل میں بند کرنے کا جو وعدہ کیا تھا وہ پورا ہوچکا ہوگا۔ پی ٹی آئی والے صرف دھرنے اور الزام تراشی کی سیاست کرتے ہیں، عمران خان کے اپنے ساتھی وقت ضائع کرنے کا اعلان کر رہے ہیں۔ پاک فوج نے دہشت گردوں کیخلاف ضرب عضب کے ذریعے آپریشن شروع کردیا ہے، آخری دہشت گرد کے خاتمے تک یہ آپریشن جاری رہے گا۔ تقریب میں رہنمائوں سمیت تاجروں اور کارکنوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ موجودہ حکومت کی نیک نیتی اور کاوشوں کی وجہ سے پاکستان کے طول و عرض میں امید کی کرن نظر آنا شروع ہوگئی ہے۔ آج مہنگائی اور ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کمی واقع ہوئی ہے۔ اگر ملک میں کالا باغ ڈیم ہوتا تو قوم کو چھ ہزار میگا واٹ سستی بجلی میسر ہوتی، ملک کی لاکھوں ایکڑ اراضی آباد ہوتی لیکن ہمیں پاکستان کی سالمیت سے زیادہ کوئی چیز عزیز نہیں۔ اقتصادی راہداری پر سب کے تحفظات دور کرنے کی کوشش کریں گے لیکن کالا باغ ڈیم کی طرح اس منصوبے کو سازش کی نذر نہیں ہونے دیں گے۔ پی ٹی آئی والے صرف دھرنے اور الزام تراشی کی سیاست کرتے ہیں، میٹرو بس پر تنقید کرنے والے ان سوا لاکھ لوگوں سے پوچھیں جو روزانہ ائیر کنڈیشنڈ بسوںپر بیٹھ کر وقت پر اپنے کاروبار‘ دفاتر جاتے اور واپس گھروں کو آتے ہیں۔ بلدیاتی انتخابات میں بھرپور شرکت کریں گے۔ پرویز ملک نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف نے ایٹمی دھماکے پاکستان کو ناقابل تسخیر بنا دیا۔ اس موقع پر حمزہ شہباز نے کیک کاٹا کارکنوں نے جوش وخروش سے نعرے بازی کی۔ بہاولنگر سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق 28مئی یوم تکبیر کے موقع پر یوتھ ونگ کے عہدیداران و ممبران کی طرف سے ایک ریلی نکالی گئی جس میں مسلم لیگ ن کے سینکڑوں کارکنوں نے شرکت کی۔ گجرات سے نامہ نگار کے مطابق یوم تکبیر کے موقع پر جامعہ گجرات سے ریلی نکالی گئی۔ ریلی میں اساتذہ اور طلبا کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ علاوہ ازیں یوم تکبیر کے موقع پر لاہور کے جی پی او چوک میںتحریک آزادیٔ کشمیر اور الامُۃ لائرز فورم کے زیر اہتمام خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔اس موقع پر چاغی پہاڑ کا ماڈل بھی رکھا گیا اور تمام شرکا ء سبز ہلالی پرچم تھام کر تقریب میں شریک ہوئے۔ شرکاء کی جانب سے منظور کردہ قرار داد میں مطالبہ کیا گیا کہ ملک بھر میں ایٹمی یادگاریں جنہیں سابقہ حکومتوں کے دور میں توڑا گیا ،دوبارہ بنایا جائے۔ ایٹمی صلاحیت کو بروئے کار لاتے ہوئے عالم اسلام کے دفاع میں پاکستان اپنا حقیقی قائدانہ کردار سامنے لائے۔ علاوہ ازیںسراج الحق نے کہا ہے کہ یوم تکبیر کا دن پوری قوم کیلئے مبارک باد کا دن ہے۔ علاوہ ازیں حافظ عبدالغفار روپڑی نے یوم تکبیر کے موقع پر لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج بھی 1998جیسے جراتمندانہ فیصلے کرنے کی ضرورت ہے۔ ملک میں بیرونی مداخلت کے روک تھام کے لیے مستحکم اور فیصلہ کن پالیسی بنانی ہوگی۔ اس موقع پر ملک کی سلامتی اور دین اسلام کی سربلندی کے لیے دعائیں بھی کی گئیں۔ علاوہ ازیں انجمن تاجران لاہور کی طرف سے یوم تکبیر کے موقع پر مختلف مارکیٹوں میں کیک کاٹنے کی تقریبات منعقد کی گئی سب سے بڑی تقریب صدر آل پاکستان انجمن تاجران اشرف بھٹی کی طرف سے انارکلی میں ہوئی جس میں 100 پونڈ کیک کاٹا گیا۔ تقریب میں صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین، ایم این اے وحیدعالم، چیئرمین انجمن تاجران لاہور بابر محمود، نعیم بادشاہ، ملک ناظم نے شرکت کی۔ دوسری بڑی تقریب چیئرمین انجمن تاجران لاہور بابر محمود کی طرف سے ہال روڈ پر منعقد ہوئی۔ جس میں رانا مشہود، بلال یاسین، مہر اشتیاق، ماجدظہور اور دیگر نے شرکت کی۔ علاوہ ازیں مسلم لیگ ن لیبرونگ پنجاب کے صدر سابق مشیر وزیراعلی مشتاق شاہ کی زیر صدارت یوم تکبیر پر کیک کاٹنے کی تقریب ہوئی۔ علاوہ ازیں مسلم لیگی کارکنوں نے سنت نگر نہرو پارک میں پروقار تقریب منعقد کی ۔جس میں صوبائی وزیر بلال یاسین نے پارٹی کارکنوں کے ہمراہ کیک کاٹا - اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ 28 مئی کا دن سیاسی وابستگی سے بالا تر ہو کر ہر پاکستانی کے لئے خوشی اور فخر کا باعث ہے جس دن وزیراعظم نواز شریف نے کسی قسم کے دباؤ کو خاطر میں لائے بغیر قومی سالمیت اور ملکی وقار کے تحفظ کا فیصلہ کیا۔ صباح نیوز کے مطابق دنیا بھر میں مقیم پاکسانیوں اور کشمیریوں نے بھی یوم تکبیرمنایا اور تقریب کا اہتمام کیا۔ لاہور سے خصوصی رپورٹرکے مطابق جوائنٹ سیکرٹری مسلم لیگ ن لاہور کے مقامی آفس راشد روڈ چودھری پارک میں 28 مئی کو یوم تکبیر کا کیک کاٹا گیا۔ عثمان تنویر بٹ، سردار نسیم حاجی یامین، رانا سہیل اصغر کوکب نے شرکت کی۔ ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی سردار شیر علی گورچانی کی رہائش گاہ پر یوم تکبیر کا کیک کاٹا گیا۔

ای پیپر دی نیشن