راولپنڈی (نیوز رپورٹر) راولپنڈی کی احتساب عدالت کے جج سہیل ناصر نے اتفاق فائونڈری ریفرنس کا فیصلہ سنا دیا جس کے مطابق شریف فیملی کو باعزت بری کردیا گیا ہے۔ چیئرمین نیب کی جانب سے ریفرنس ری اوپن کرنے کی درخواست مسترد کردی ہے۔ بری ہونے والوں میں وزیراعظم نواز شریف، شہباز شریف، بیگم کلثوم نواز، میاں شریف مرحوم اور عباس شریف مرحوم شامل ہیں۔ یہ ریفرنس مشرف دور میں 2001 میں 14 برس قبل دائر کیا گیا تھا۔ عدالت نے کہا کہ یہ ریفرنس سیاسی انتقام کی بنیاد پر قائم کیا گیا جس کو ثابت کرنے میں استغاثہ ناکام رہا۔ اس ریفرنس کے بارے میں ہائیکورٹ نے ان تمام بنکوں کو ہدایت کی تھی جہاں سے پیسہ لینے اور واپس نہ کرنے کا کہا گیا تھا کہ وہ اپنی رپورٹ عدالت میں پیش کریں۔ عدالت عالیہ کی ہدایت پر مذکورہ بنکوں کی جانب سے رپورٹ پیش کی گئی کہ تمام پیسہ واپس کردیا گیا ہے جس کے بعد احتساب عدالت نے ایک ارب ایک کروڑ روپے کی کرپشن کے حوالے سے دائر ریفرنس میں شریف فیملی کو باعزت بری کرنے کے احکامات جاری کردیئے۔
اتفاق فائونڈری ریفرنس: شریف فیملی 14 برس بعد بری، ری اوپن کرنے کیلئے نیب کی درخواست مسترد
May 29, 2015