لاہور(سپورٹس رپورٹر /نمائندہ سپورٹس)پاکستان اور زمبابوے کرکٹ ٹیموں کے کھلاڑیوں نے قذافی سٹیڈیم میں دوسرے میچ کےلئے پریکٹس کی۔ دونوں ٹیموں کے کپتانوں نے میڈیا بریفنگ میں اپنی اپنی ٹیم کی جیت کے دعوے کیے۔ پاکستانی ٹیم کے کپتان اظہر علی کا کہنا تھا کہ زمبابوے ٹیم کے کپتان ایلٹن چگمبورا کے ہونے یا نہ ہونے کا ہمیں کوئی فرق نہیں پڑتا تاہم زمبابوے ٹیم کے لئے ایک نقصان ضرور ہے۔ چیمپیئنز ٹرافی کے لئے رسائی ہمارا اولین ٹارگٹ ہے جس کے لئے زمبابوے اور سری لنکا کے خلاف ون ڈے سیریز جیتنا ضروری ہے۔ زمبابوے کے خلاف سیریز کے بعد پاکستان ٹیم نے سری لنکا کا دورہ کرنا ہے جو آسان نہیں ہوگا۔ امید ہے کہ اس وقت تک فاسٹ باولر ایم عرفان بھی فٹ ہو جائیں گے وہ پاکستان ٹیم کا ایک اہم باولر ہے جو کسی بھی ٹیم کے خلاف اچھی باولنگ کر سکتا ہے۔ چیمپیئنز ٹرافی میں کوالیفائی کرنے کا پریشر ضرور ہے، ہر میچ میں جیت کےلئے میدان میں اتریں گے۔ محمد سمیع کی ایک ڈیڑھ سال بعد واپسی ہوئی ہمیں انہیں موقع دینا چاہیے۔ وہاب ریاض نے تمام میچز میں اچھی باولنگ کی ہے۔ دورہ سری لنکا بڑی اہمیت کا حامل ہے ہمیں اپنے کھلاڑیوں کو بڑی احتیاط کے ساتھ استعمال کرنا ہے۔زمبابوے ٹیم کے کپتان مساکاڈزا کا کہنا تھا کہ ایلٹن چگمبورا کی کمی کو لازمی محسوس کیا جائے گا۔ بیٹنگ کے ساتھ ساتھ اس میں لیڈر شپ کی بھی کوالٹی ہے۔ کوشش ہوگی کہ اگلے میچز میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کم بیک کریں۔ قذافی سٹیڈیم کی وکٹ بلے بازی کے لئے بڑی ساز گار ہے یہی وجہ ہے کہ دونوں ٹیموں کی جانب سے شائقین کو اچھی کرکٹ دیکھنے کو ملی ہے۔ مساکاڈزا کا کہنا تھا کہ پاکستانی شائقین کی جانب سے دونوں ٹیموں کو بھرپور سپورٹ کیا گیا ہے۔ یہاں آنے سے پہلے کھلاڑیوں میں ضرور تحفظات پائے جا رہے تھے لیکن یہاں آنے کے بعد فول پروف سکیورٹی نے تمام خدشات کو ختم کر دیا ہے۔