لندن (بی بی سی رپورٹ)پرتگال کے کپتان اور شہرہ آفاق فٹبالر لوئس فیگو نے جو کہ فیفا کے صدارتی انتخابات میں ایک اہم امیدوار تھے ڈچ فٹبال کلب ایجکس کے سابق ڈائریکٹر مائیکل وین پراگ کے ہمراہ ان انتخابات سے نام واپس لے لیا تھا۔ بلاٹر کو اب اردن کے شہزادے علی بن حسین کی شکل میں صرف ایک ہی امیدوار کا سامنا ہوگا۔اور عام تاثر یہ ہے کہ علی بن حسین کو بلاٹر کے مقابلے میں ووٹ بہت کم ملیں گے۔سوئٹزرلینڈ کی پارلیمنٹ کے رکن رولینڈ بچیل، کہتے ہیں کہ بلاٹر خود کو فیفا کی بھاگ دوڑ سنبھالنے والے واحد شخص کے طور پر دیکھتے ہیں۔ ان کا خیال ہے کہ بلاٹر اپنے دفتر میں ہی مرنا چاہتے ہیں۔رولینڈ بچیل کو یاد ہے جب 1998 میں بلاٹر پہلی بار فیفا کے صدر منتخب ہوئے تھے تب ان کے آبائی ملک سوئٹزرلینڈ میں جشن کا سماں تھا۔وہ کہتے ہیں ’ہمیں ایک سوئس شہری کے اتنے اہم بین الاقوامی عہدے پر تعیناتی پر فخر تھا۔‘ان کے آبائی شہر وسپ میں ان کے سکول کو ان کے نام سے منصوب کردیا گیا ہے۔ سکول میں سالانہ کھیل بھی ان کے نام سے منعقد کیے جاتے ہیں۔ ان کا اب بھی وہاں گرم جوشی سے استقبال کیا جاتا ہے۔مقامی اخبار والسٹربوٹ کے کھیلوں کے ایڈیٹر ہینس پیٹر کہتے ہیں کہ بلاٹر بہت ہی سادہ طبیعت کے مالک انسان ہیں۔لیکن بچیل کہتے ہیں کہ جب کرپشن کے الزامات کی بات آتی ہے تو بلاٹر کے پرانے دوست بھی اس سے ناواقف نہیں۔’سب کو پتہ ہے کہ فیفا کو مسائل کا سامنا ہے۔ لیکن انہیں یہ خیال نہیں ہے کہ سارے مسائل کا ذمہ دار بلاٹر کو ٹہرایا جائے۔‘بچیل کا خیال ہے کہ بلاٹر کے صدارتی ریکاڈ میں کئی مثبت پہلو بھی ہیں۔ جن میں نئے اور ترقی پزیر ملکوں کی فیفا میں شمولیت اور تاریخ میں پہلی بار افریقہ میں فٹبال ورلڈ کپ کا انعقاد شامل ہیں۔لیکن بلاٹر کے ناقدین اس بات سے متفق نہیں ہیں۔ سوئس این جی او ٹرانسپیرینسی انٹرنیشنل کی اینٹی کرپشن برانچ کے سربراہ ایرک مارٹن کا کہنا ہے کہ بلاٹر کے پاس فیفا کی انتظامیہ کو بہتر بنانے کے لئے 17 سال کا عرصہ تھا۔ وہ کہتے ہیں ’مجھے نہیں لگتا کہ اب وہ ایسا کچھ کر پائیں گے۔‘مارٹن کے مطابق اگر سوئٹزرلینڈّ ہر سال ایک نیا صدر منتخب کرسکتا ہے تو فیفا بھی 17 سال بعد ایسا کرسکتا ہے۔بلاٹر کے بہت سے دوست جہاں انہیں بہت سادہ لوح کہتے ہیں وہیں ان کے ساتھ کام کرنے والے سابق ساتھیوں کا کہنا کہ وہ مخالفت برداشت نہیں کرتے اور ان سے سوال کرنے والے زیادہ عرصہ فیفا میں نہیں رہ پائے۔بہت سے لوگ یہ سوچتے ہیں کہ کرپشن کے الزامات اور دیگر بحرانوں کی زد میں اتنا عرصہ بلاٹر کیسے فیفا کے صدر رہے ہیں۔ لیکن اب تک ہونے والی تمام تحقیقات میں بلاٹر کسی بھی قسم کے رشوت کیس میں ملوث نہیں پائے گئے۔ایک سوئس اخبار نے انہیں مزاقاً ’فٹبال کا سیاح شہزادہ اور گاڈ فادر‘ کہا۔بچیل کہتے ہیں کہ بلاٹر ان الزامات سے ہمیشہ بچے رہے ہیں۔’میں آپ کو یقین سے کہ سکتا ہوں کہ وہ رشوت نہیں لیتے۔ پیسا ان کا محرک نہیں ہے۔‘تاہم تین شادیاں اور 17 سال کے عرصے کے بعد بچیل اور مارٹن کے مطابق بلاٹر کا فیفا کے صدر کی حیثیت سے کام کرتے رہنا فٹبال کی تنظیم کو اب نقصان پہنچا رہا ہے۔فیفا، سیپ بلاٹر کا کھیل کا میدان ہے۔ اور وہ اس میدان کے بادشاہ ہیں۔ لیکن پھر، بادشاہ کب اتنی آرام سے اپنا تخت چھوڑتے ہیں۔
’بلاٹر اپنے دفتر میں ہی مرنا چاہتے ہیں‘: رکن سوئس پارلیمنٹ
May 29, 2015