آئینی بحران سے بچنے کیلئے فوراً دوسرے وزیراعظم کا تقرر کیا جائے: افتخار چودھری

اسلام آباد (آئی این پی) جسٹس اینڈ ڈیموکریٹک پارٹی کے سربراہ اور سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے کہاہے کہ اپنی سرجری کے دوران وزیراعظم نوازشریف امور مملکت کیسے چلا سکتے ہیں،آئینی بحران سے بچنے کیلئے فوری دوسرے وزیراعظم کا تقرر کیا جائے ، وزیر اعظم کی عدم موجودگی میں کسی وزیر یا سینئر وزیرکو وزیراعظم کے اختیارات نہیں دیئے جاسکتے۔ آئین میں ڈپٹی وزیراعظم کو کوئی ذکر نہیں ہے، پاکستان ایٹمی ملک ہے جو وزیراعظم کے بغیر نہیں چل سکتا، ملک میں ڈرون حملے ہورہے ہیں۔ پریس کانفرنس سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ وزیر خزانہ کا وزیراعظم کی جگہ کام کا نوٹیفکیشن نہیں دیکھا، اگر کوئی ایسا نوٹیفکیشن ہے تو صریحاً آئین کے خلاف ہے، جنگ یا ایمرجنسی میں صرف وزیراعظم ہی صدر کو تجاویز بھیج سکتا ہے، اگر کوئی اہم تقرری کرنی ہو جیسے چیف جسٹس یا آرمی چیف، تو وہ صرف وزیراعظم کرسکتا ہے۔ ا گر وزیراعظم بیمار ہیں اور اسی دن ایسا کوئی واقعہ ہوجاتا ہے تو کیا آپ انتظار کریں گے۔ آئین میں ڈپٹی وزیراعظم کا کوئی ذکر نہیں ہے، پاکستان چاروں طرف سے دشمنوں میں گھرا ہوا ہے۔ دعاگو ہیں کہ وزیراعظم جلد صحت یاب ہوجائیں، وزیراعظم سے ذاتیات کی بات نہیں،آئین کا معاملہ ہے، وزیر یا سینئر وزیر کو وزیراعظم کے اختیارات نہیں دیئے جاسکتے۔ اگر صد ر ملک سے باہر جاتے ہیں تو چیئرمین سینیٹ قائم مقام صدر بن جاتے ہیں۔ اگر چیف جسٹس ملک سے باہر جاتے ہیں تو سپریم کورٹ کے سینئر جج کو قائم مقام عہدہ دیا جاتا ہے۔

ای پیپر دی نیشن