لاہور (نوائے وقت رپورٹ+ نامہ نگاران) بھارت کے ایٹمی دھماکوں کے جواب میں 28 مئی 1998ء کو پاکستان نے ایٹمی دھماکے کئے جس کی یاد میں ملک بھر میں ہفتہ کو 18 واں یوم تکبیرجوش و خروش سے منایا گیا۔ اس موقع پر تقریبات کا انعقاد کیا گیا ، کیک کاٹے گئے اور ملکی سلامتی کیلئے دعائیں مانگی گئیں۔ اس بار بھی اسلام آباد میں چاغی ماڈل بنایا گیا جبکہ ملتان میں مسلم لیگ (ن)کے کارکنوں کی جانب سے ریلی بھی نکالی گئی اور لیگی کارکنوں نے کیک کاٹا۔ پاکپتن‘ ٹوبہ ٹیک سنگھ‘ جھنگ‘ بہاولپور اور خوشاب میں یوم تکبیر کی تقاریب انتہائی جوش و خروش سے منائی گئیں اور وزیراعظم کی درازی عمر اور جلد صحت یابی کیلئے بھی دعاؤں کا اہتمام کیا گیا۔ فیصل آباد میں ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان اور روزنامہ نوائے وقت کے معمار ایڈیٹر مجید نظامی مرحوم کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ نامہ نگار کے مطابق وفاقی وزیر دفاع و پانی و بجلی خواجہ آصف نے سیالکوٹ پریس کلب کے نومنتخب عہدیداروں سے حلف لینے اور یوم تکبیر کا کیک کاٹنے کے بعد منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا وزیراعظم پاکستان میاں محمد نوازشریف نے بین الاقوامی دباؤ کو بالائے طاق رکھتے ہوئے 28 مئی 1998ء کو ایٹمی دھماکے کرکے پاکستان کو ایٹمی قوت ہونے کی شناخت عطا کی، پاکستان کا ایٹمی طاقت ہونا ہی اسکی سکیورٹی کی سب بڑی ضمانت ہے اور جن لوگوں نے ایٹمی صلاحیت کے حصول کیلئے کئی دہائیوں تک عرق ریزی کی وہ ملک و قوم کے محسن ہیں۔ خواجہ آصف نے کہا پوری دنیا کی طاقتیں ہمارے دشمن بھارت کوہر قسم جارحیت کے لوازمات سے نواز ر ہی ہیں اور آج ہم ایٹمی طاقت نہ ہوتے تو دنیا نے ہمارا جو حال کرنا تھا وہ آپ سوچ بھی نہیں سکتے۔ 9/11 کے بعد افغانستان میں 16 ممالک کی فوجیں 15 برسوں میں کوئی خاص کامیابی حاصل نہیں کرسکیںبلکہ افغانستان، عراق اور شام جہاں پر امریکی فوج موجود ہے وہاں پر دہشت گردی میں 20 گنا تک اضافہ ہوگیا۔ ملامنصور نے 450 کلومیٹر ایران کا سفر کیا، لیکن اسے اس وقت نشانہ بنایا گیا جب وہ پاکستان میں داخل ہورہا تھا جبکہ پاکستان میں دہشت گردی کرانے والے ملا فضل اللہ کو افغانستان میں پناہ دی جارہی ہے۔ ایسا لگتا ہے امریکہ اور افغانستان کو امن نہیں چاہئے۔ اس وقت پاکستان کی بقا اور استحکام پر دشمنوں کی نظر ہے۔ اندرونی انتشار کو پس پشت ڈال کر پہلے ملک کو سالمیت اور وجود کے دشمنوں سے نمٹنا ہوگا۔ ایران کی جانب سے چاہ بہار بندر گاہ کی تعمیر پر پاکستان کو کوئی اعتراض نہیں تاہم بھارت کے عزائم کسی سے ڈھکے چھپے نہیں، معاشی راہداری کی تعمیر کے منصوبے سے بھارت اور عالمی قوتیں پریشان نظر آتی ہیں، وہ کبھی نہیں چاہے گی کہ پاکستان کو معاشی آزادی نصیب ہو۔ امید ہے کوئی ایسی صورت نکل آئے پاکستان کو امریکہ معاہدے کے مطابق ایف 16 طیارے فراہم کردیگا‘ حالیہ ڈرون حملے سے افغان امن کوششوں کو نقصان پہنچا۔ میری اطلاع کے مطابق مذاکرات مثبت انداز میں آگے بڑھ رہے تھے۔ انہوں نے کہا پانامہ لیکس کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا یہ عوام کا مسئلہ نہیں بلکہ یہ مسئلہ اسلام آباد اور چند لوگوں کا ہے۔ آف شور کمپنیوں پر واویلا کرنے والے کی اپنی کمپنی سب سے پرانی نکلی۔ شور مچانے اور ہمارے گلے پڑنے والوں کو دراصل عوام نے ووٹ نہیں دیا۔ کرپشن کو کنٹرول کرنے کیلئے تمام ادارے غیر مؤثر ہوچکے ہیں اور بلاتفریق احتساب کیلئے ایک ایسے ادارے کی ضرورت ہے جس کو عوام کا اعتماد حاصل ہو اور وہ تمام اداروں کا بلاتفریق احتساب کرسکتا ہو اور اسکو لامحدود اختیارات حاصل ہوں۔ آن لائن کے مطابق وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ملک کی سلامتی کیلئے دشمنوں سے نمٹنا ہوگا۔ بھارتی عزائم ڈھکے چھپے نہیں، ایران برادر ملک ہے چاہ بہار میں بندر گاہ بنانا چاہتا ہے تو بنا لے مگر اقتصادی راہداری منصوبہ کی طرف کسی نے میلی آنکھ سے دیکھا تو اس کی آنکھیں نکال دیں گے۔
لاہور (خبرنگار + کلچرل رپورٹر) مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنماء اور رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے 2018ء کا سال آئیگا تو لوڈشیڈنگ کے اندھیرے ہمیشہ ہمیشہ کیلئے ختم ہوجائیں گے اور خوشحال پاکستان کا آغاز ہوگا جس کا خواب قائداعظم نے دیکھا تھا۔ عمران خان خیبر پی کے کی طرف توجہ دیں۔ چوہے تو سنبھالے نہیں جاتے شیر کو للکارتے ہیں۔ ایوان اقبال میں مسلم لیگ (ن) کی طرف سے یوم تکبیر کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ پرویز ملک، خواجہ احمد حسان اور شائستہ پرویز ملک نے بھی خطاب کیا۔ حمزہ شہباز نے کہا نواز شریف نے اربوں ڈالر ٹھکرا کر ایٹمی تجربہ کیا۔ یہاں لوگ وزارت عظمی کے چکر میں ضمیر بیچ دیتے ہیں۔ پوری دنیا نے نواز شریف کو کہا اربوں ڈالر دیں گے صبر شکر کر لیں۔ ایٹمی دھماکے نہ کریں مگر انہوں نے تمام دھمکیوں اور اربوں ڈالر کی پیشکشوں کو ٹھکرا کر کہا یہ کرسی اللہ کی دین ہے ایٹمی دھماکے ضرور کریں گے۔ حمزہ شہباز نے کہا کسی بھی قسم کے دباؤ یا خوف میںآئے بغیر28 مئی1998کو ایٹمی دھماکے کرکے وزیراعظم نوازشریف نے پاکستانی قوم کو عزت سے جینا سکھایا جس کے باعث پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہوا۔ آج بھی ملکی ترقی کی گاڑی کے سپہ سالار نواز شریف ہیں جو 2018ء میں قوم کو مسائل سے آزاد ترقی یافتہ پاکستان دیں گے۔ انہوں نے کہاکہ بدقسمتی سے بعض عناصر ملکی ترقی وجمہوریت کے مخالف ہیں جن کی راتوں کی نیندیں حرام ہو چکی ہیں اور جو ہر صبح وزیراعظم بننے کے خواب دیکھ کر اٹھتے ہیں۔ آف شور کمپنیوں کے گاڈ فادر عمران خان دوسروں کو بھاشن دینے سے پہلے اپنے دائیں قرضہ معاف کرنے والے جہانگیر ترین اور بائیں زمینوں پر قبضہ کرانے والے علیم خان کا جواب دیں۔ اسی عمران خان نے 2013کے مینڈیٹ کو تسلیم کرنے سے انکار کیا تو سپریم کورٹ کے جوڈیشل کمشن نے دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی کردیا۔ پانامہ لیکس میں دامن صاف ہونے کی وجہ سے نوازشریف نے سپریم کورٹ کو خط لکھا۔ انہوں نے کہا عمران خان قومی اسمبلی میں جواب دینے سے بھاگ گئے انہیں علم ہونا چاہئے اتفاق فاؤنڈری اس وقت ایشیا کا سب سے بڑا ادارہ تھا جب نواز شریف گورنمنٹ کالج میں طالب علم تھے۔ عمران خان کو اصل خطرہ موجودہ حکومت کے دور میں ہونے والی ترقی سے ہے خیبر پی کے میں چوہوں کا مقابلہ نہ کر پانے والے شیروں کو للکارنے چلے ہیں انہیں بالاآخر ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ عدلیہ بحالی کے وقت نواز شریف کسی خطرے کی پرواہ کئے بغیر باہر نکلے جبکہ آج بڑھکیں مارنے والے عمران خان اس وقت بھی دور دور تک نظر نہیں آئے۔ پاکستان کے باسیوں کو شدت سے 2018کا انتظار ہے اور موجودہ قومی قیادت عوام کے اعتماد پر اسی طرح پورا اترے گی جیسے آج سے 18سال پہلے 5ایٹمی دھماکے کرکے دشمن کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بتا دیا تھا ہم ایک خوددارقوم ہیں۔ وزیراعظم نواز شریف جلد صحت یاب ہو کر وطن واپس لوٹیں گے۔یوم تکبیر کی تقریب میں مسلم لیگی کارکنوں نے زبردست جوش و خروش کا مظاہرہ کیا ، چاغی کے پہاڑو میزائل کے ماڈل اٹھائے کارکن زبردست نعرے بازی کرتے رہے اور شیراں دے پتر شیر، دیکھو دیکھو کون آیا، اک واری فیر کے نعرے لگاتے ملی نغموں پر جھومتے رہے۔ اراکین قومی وصوبائی اسمبلی، مسلم لیگ (ن) لاہور کے عہدیداران اور خواتین کارکنوں کی بڑی تعداد نے حمزہ شہباز کا استقبال کیا۔ خواجہ احمد حسان نے وزیراعظم نواز شریف کی جلد صحت یابی کیلئے دعاکرائی جبکہ پرویز ملک نے کہاکہ 31 مئی کو ہر پارٹی دفتر میں وزیراعظم کی صحت یابی کے لئے خصوصی دعائیں کی جائیں گی۔ تقریب میں یوم تکبیر کے حوالے سے ڈاکومنٹری فلم اورخصوصی نغمے پیش کئے گئے۔