کراچی آپریشن مذاق نہیں بننے دینگے‘ ضروری ہوا تو سخت اقدامات کرینگے: ڈی جی رینجرز سندھ

کراچی (آن لائن) ڈائریکٹر جنرل رینجرز سندھ میجر جنرل بلال اکبر نے کہا ہے کہ جرائم پیشہ عناصر کو قانونی تحفظ دینے والوں کے ساتھ ساتھ مذہبی، سیاسی اور لسانی رنگ دینے والوں کو بھی پکڑنا انتہائی ضروری ہے، یہ کام شروع کرچکے ہیں‘ دہشت گرد، ٹارگٹ کلر اور جرائم پیشہ عناصر کو پکڑنے کیلئے آخری حد تک جائیں گے،کراچی کا ٹارگیٹڈ آپریشن مذاق نہیں بننے گے، جرائم عناصر کیخلاف انتہائی سخت اقدامات بھی کرنا پڑے تو کریں گے، کراچی آپریشن کامیابی کے ساتھ آگے بڑھتا رہے گا، آپریشن کی پہلے والی گہما گہمی کم ضرور ہوئی ہے مگر ہم ہوا میں مکے نہیں مار رہے بلکہ پہلے جوکریمنل سرگرمیاں کر رہے ہیں، انہیں پکڑا گیا ہے اب انکے سرپرستوں کے گرد گھیرا تنگ کیا جا رہا ہے۔ ایس ایم منیر کی جانب سے ایف پی سی سی آئی کے سابق صدر میاں محمد ادریس اور سینئر نائب صدر عبدالرحیم جانو کے اعزاز میں دئیے گئے عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے ڈی جی رینجرز نے کہا کہ رینجرز اپنی جانیں فرض کی خاطر ہتھیلی پر رکھ کر لیکر پھر رہے ہیں تاکہ پاکستان کا بزنس ہب کراچی پُرامن ہو۔ ہم یونیفارم میں فوجی ہیں‘ تاجر برادری بزنس کی فوج ہے۔ ایس ایم منیر نے کہا کہ یونائیٹڈ بزنس گروپ کی پہلی منتخب ٹیم نے میاں ادریس اور رحیم جانو کی سربراہی میں ایف پی سی سی آئی کی نیک نامی کیلئے جدوجہد کی ورنہ ڈیڑھ سال پہلے تک برسراقتدار لوگوں نے فیڈریشن کے ملازمین کا فنڈ بھی ہڑپ کرلیا تھا۔ پاک فوج نے بہت قربانیاں دی جبکہ رینجرز نے شہر میں امن بحال کیا۔
ڈی جی رینجرز سندھ

ای پیپر دی نیشن