اسلام آباد (آئی این پی) قومی اسمبلی اور سینٹ کے بجٹ اجلاس دوروزہ وقفے کے بعد (آج)پیر کو پارلیمنٹ ہائوس میں ہوں گے، قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ مالی سال 2017-18کے بجٹ پر بحث کا آغاز کریں گے۔ سینٹ میں مشیر خارجہ سرتاج عزیز افغانستان میں امن کے حوالے سے روس میں ہونے والی کانفرنس اوراسلامی فوجی اتحاد کے حوالے سے پالیسی بیان ،وزیرمنصوبہ بندی احسن اقبال مالی سال 2016-17کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے لئے مختص فنڈ کے اجراء کے حوالے سے ایوان کو آگاہ کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کا اجلاس دو روزہ وقفے کے بعد آج پیر کو سپیکر ایاز صادق کی زیر صدارت سہ پہر 4 بجے پارلیمنٹ ہائوس میں ہوگا۔ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ مالی سال 2017-18کیلئے پیش کئے گئے مجوزہ بجٹ پر بحث کا آغاز کریں گے۔ دوسری جانب سینٹ کا اجلاس دوروزہ وقفے کے بعد چیئرمین سینٹ میاں رضاربانی کی زیر صدارت صبح 11 بجے پارلیمنٹ ہائوس میں ہوگا۔ سینٹ اجلاس میں وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار فنانس بل 2017 پر سینٹ کی جانب سے تجاویز دینے کی تحریک پیش کریں گے جبکہ مشیر خارجہ سرتاج عزیز، سینیٹر مولانا حافظ حمد اللہ اور فرحت اللہ بابر کے افغانستان میں امن کے حوالے سے روس میں ہونے والی کانفرنس اور اسلامی فوجی اتحاد کے حوالے سے توجہ دلائو نوٹس کا جواب دیں گے۔