لاہور (خصوصی نامہ نگار) جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ حکمران رمضان میں ہی خدا کا کچھ خوف کھائیں اور روزے داروں کو لوڈشیڈنگ سے ریلیف دے دیں۔ شدید گرمی میں روز دار بے چینی اور پریشانی میں مبتلا ہیں اور حکمران بلند و بانگ دعوے کر رہے ہیں کہ رمضان المبارک میں لوڈشیڈنگ نہیں ہوگی۔ سحری اور افطاری کے دو گھنٹے لوڈشیڈنگ نہ کر کے حکومت کوئی احسان نہیں کر رہی۔ دن اور رات کے باقی اوقات میں لوڈشیڈنگ اسی طرح جاری ہے جس طرح رمضان سے پہلے تھی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں مختلف وفود سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ رمضان المبارک میں تو غیر مسلم ممالک کی حکومتیں بھی مسلمانوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کی کوشش کرتی ہیں اور اشیائے خوردو نوش کے ساتھ ساتھ زندگی کے دیگر معاملات میں بھی رمضان کے اندر مسلمانوں کو خصوصی سہولتیں دی جاتی ہیں مگر ہمارے ہاں مہنگائی کے ریکارڈ ٹوٹ جاتے ہیں اور حکمران زبانی جمع خرچ کے علاوہ کچھ نہیں کرتے ۔ انہوں نے کہاکہ شہروں اور دیہات میں لوڈشیڈنگ کے اوقات میں کمی کے حکومتی دعوے نقش بر آب ثابت ہوئے ہیں ۔ ہر جگہ گرمی اور لوڈشیڈنگ کے ستائے عوام حکمرانوں کو کوستے نظر آتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ مہنگائی پر حکومت کاکوئی کنٹرول نہیں ، ہر جگہ عوام ناجائز منافع خوروں کے ہاتھوں بے بس نظر آتے ہیں ۔ تاجروں نے راتوں رات پھلوں ، سبزیوں ، کھجور اور اشیائے خوردو نوش کی قیمتوں میں دوگنااضافہ کردیاہے۔ پرائس کنٹرول کمیٹیاں بھی بے بسی کی تصویر بنی ہوئی ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ حکمران ایئرکنڈیشنڈ محلوں سے ذرا باہر نکل کر دیکھیں تو انہیں عوام کی حالت زار کا پتہ چلے ۔