رمضان ہمیں ضبط اور برداشت کادرس دیتا ہے‘ عبدالحسیب

کراچی(نیوز رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی رابطہ کمیٹی کے رکن عبد الحسیب نے کہا کہ رمضان المبارک ہمیں صبر اور برداشت کا درس دیتا ہے اور آج ہم جن حالات سے گزر رہے ہیں اس میں ہمیں صبر اور برداشت کی اشد ضرورت ہے ، ایم کیوایم پاکستان نے ہمیشہ اصولوں کی پاسداری کی ہے اور اصولوں کی خاطر بہت سخت اور کڑوے فیصلے بھی کئے ہیں ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز ایم کیوایم ڈسٹرکٹ کورنگی کے ملیر ٹائون میں منعقدہ کی گئی افطار پارٹی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ افطار پارٹی کے شرکاء سے ڈسٹرکٹ کورنگی کے حق پرست چیئرمین نیئر رضا نے بھی خطاب کیا ۔ رابطہ کمیٹی کے رکن عبد الحسیب نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم عوام کو یقین دلاتے ہیں کہ ہم ان کے حقوق کا تحفظ کرتے رہیں گے اور اپنے ذریں اصولوں پر قائم رہتے ہوئے سیاست میں اپنے قدم کو آگے کی جانب بڑھاتے رہیں گے ۔ انہوں نے شرکاء پر زور دیا کہ رمضان المبار ک کے مقدس مہینے میں غریب ، مساکین اور مستحقین کو بھی یاد رکھیں تاکہ وہ اس مہینے کے فیض کو حاصل کرسکیں اور آپ کے ساتھ عید کی خوشیاں مناسکیں ۔ انہوں نے کہاکہ منتخب نمائندے عوام کی خدمت میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہ کریں اور کوشش کریں کہ عوام سے رابطے میں رہیں ۔ اپنی صف بندی کرلیں اور اس امر کو یقینی بنائیں کے آپ کا ووٹ ووٹنگ لسٹ میں ہے یا نہیں اور اس بات کی بھی تصدیق کرلیں کہ ان کا ووٹ کہاں ہے اس کے ساتھ ساتھ منظم انتخابی مہم کیلئے کارکنان اپنے آپ کو تیار کریں اور رمضان المبارک میں عوام سے رابطے اور مربوط بنائیں ۔

ای پیپر دی نیشن