لاہور (وقائع نگار خصوصی) مختلف سیاسی و غیر سیاسی شخصیات کی طرف سے قرضوں کی واپسی کیلئے سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں درخواست دائر کردی گئی ہے۔ بیرسٹر ظفر اللہ خان نے دائر کی درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ ایک ہزار افراد نے 1971ء سے 2009ء تک 256 بلین قرضے لئے۔ عدالت سے استدعا ہے کہ حکومت کی جانب سے قرضوں کی واپسی کیلئے اقدامات کئے جانے کا حکم دیا جائے۔ دوسری جانب شریف فیملی کی جانب سے اتفاق فاونڈری کیلئے بنکوں سے لئے گئے کروڑوں روپے کے قرضے معاف کرانے کا اقدام لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا گیا۔ بیئرسٹر سید محمد جاوید اقبال جعفری کی درخواست میں کہا گیا ہے کہ شریف فیملی نے اتفاق فاونڈی کے لئے قومی بینکوں سے لئے گئے کروڑوں روپے کے قرضے معاف کرائے ۔ بے نظیر بھٹوشہید کے دور میںشریف فیملی کے قرضے سیاسی رشوت اور سیاسی ڈیل کے طور معاف ہوئے جو کہ قرضوں میں ڈوبی ہوئی قوم کے ساتھ بدترین مذاق ہے۔