واشنگٹن (اے این این) سابق ٹیچر نے کیپٹل ورڈز، سپیلنگ کی غلطیاں اور رائٹنگ سٹائل سمیت ڈونلڈ ٹرمپ کے خط کا مکمل پوسٹ مارٹم کرکے اسے وائٹ ہائوس کی طرف روانہ کردیا۔ نیویارک ٹائمز کی ایک رپورٹ کے مطابق یوون میسن نامی ایک ریٹائرڈ ہائی سکول ٹیچر نے ڈونلڈ ٹرمپ کے نام ایک خط لکھ کر کہا تھا کہ انہیں فروری میں فلوریڈا کے پارک لینڈ میں واقع ایک سکول میں فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے 17 افراد کے گھر جا کر ان کے اہلخانہ سے ملنا چاہیے۔ جس کے جواب میں وائٹ ہائوس کی جانب سے ڈونلڈ ٹرمپ کا دستخط شدہ خط 3 مئی کو 61 سالہ یوون میسن کو بھیجا گیا۔ تاہم ٹیچر کو موصول ہونے والے ٹرمپ کے خط میں اتنی غلطیاں تھیں کہ ٹیچر سے رہا نہ گیا اور انہوں نے کیپٹل ورڈز، سپیلنگ کی غلطیاں اور رائٹنگ سٹائل سمیت خط کا 'مکمل پوسٹ مارٹم' کرکے اس کی تصویر لی، فیس بک پر شیئر کیا اور پھر واپس وائٹ ہائوس کی طرف روانہ کردیا۔