کوئٹہ (آئی این پی) بلوچستان ہائیکورٹ کے جسٹس نعیم اختر افغان اور جسٹس عبداللہ بلوچ پر مشتمل بینچ نے الیکشن کمیشن کی حلقہ بندیوں سے متعلق دائر متفرق آئینی درخواستوں کی سماعت کی جس کے دوران درخواست گزاروں کی طرف نے کیس کی پیروی کی۔ دوران سماعت الیکشن کمشن کے لاء آفیسر ہارون کاسی اور نمائندہ مہران خان بھی عدالت میں پیش ہوئے۔ سماعت کے دوران الیکشن کمیشن کے لاء آفیسر ہارون کاسی ایڈووکیٹ نے کہاکہ الیکشن شیڈول کااعلان کردیاگیا اس پر جسٹس نعیم اختر افغان نے ریمارکس دئیے کہ الیکشن شیڈول کا اعلان ہونے سے حلقہ بندیوں کے کیسز پر کوئی اثر نہیں پڑتا ہم روزانہ کی بنیاد پر متفرق کی درخواستوں کی سماعت کرینگے تاکہ انہیں جلد ازجلد نمٹایا جاسکے۔ بعدازاں عدالت نے حلقہ بندیوں سے متعلق درخواستوں کی سماعت آج منگل تک کیلئے ملتوی کردی ۔یاد رہے کہ پشتونخوامیپ کے رکن صوبائی اسمبلی وچیئرمین پبلک اکائونٹس کمیٹی عبدالمجید خان اچکزئی ،سابق سینیٹر سیف اللہ مگسی ،رکن قومی اسمبلی کمال خان بنگلزئی ،رکن صوبائی اسمبلی نواب زادہ طارق مگسی، بلوچستان نیشنل پارٹی کے نصیر احمد شاہوانی ودیگر نے اپنے حلقہ انتخاب کی حد بندیوں کو چیلنج کیا۔