فلسطینی قیدیوں کو ورلڈ کپ نہیں دیکھنے دوں گا، اسرائیلی وزیربرائے عوامی تحفظ

تل ابیب(این این آئی)اسرائیل کے وزیر برائے عوامی تحفظ گیلاد اردان نے کہا ہے کہ ان کی کوشش ہو گی کہ وہ فلسطینی قیدی جو کہ حماس کے رکن رہ چکے ہیں، انھیں اس سال ہونے والے فٹبال ورلڈ کپ کے میچ نہ دیکھنے دئیے جائیں۔غیرملکی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ میرا کوئی ارادہ نہیں ہے کہ جب تک اسرائیلی فوجی اور یرغمالی غزہ کی پٹی میں ہیں، میں حماس کے رکن قیدیوں کو ورلڈ کپ کے میچوں کا لطف اٹھانے دوں۔وزیر کا مزید کہنا تھا کہ انھوں نے اسرائیل پرزن سروس کو حماس کے رکن قیدیوں پر دباؤ بڑھانے کے لیے کہا ہے۔موجودہ قوانین کے مطابق قیدیوں کو ٹی وی دیکھنے کی اجازت ہوتی ہے تاہم گیلاد اردان کا کہنا تھا کہ وہ اس بات پر غور کر رہے ہیں کہ آئندہ ورلڈ کپ سے قبل قواعد میں کوئی تبدیلی لائی جا سکے۔یاد رہے کہ فٹبال کا عالمی کپ اس سال 14 جون سے 15 جولائی تک جاری رہے گا۔

ای پیپر دی نیشن