لاہور (نوائے وقت رپورٹ) سابق وزیرِاعظم نوازشریف سے ہاتھ ملانے کی کوشش کرنے والے لیگی کارکن پر سکیورٹی اہلکاروں نے بے تحاشا تشدد کیا اور تھپڑوں اور گھونسوں کی بارش کر دی۔ الحمراء ہال لاہور میں یومِ تکبیر کے کنونشن میں سابق وزیرِاعظم میاں محمد نواز شریف سٹیج پر اپنی صاحبزادی مریم نواز اور دیگر رہنماؤں کے ساتھ موجود تھے کہ اچانک ایک لیگی کارکن نے ہاتھ ملانے کیلئے انکی جانب دوڑ لگا دی لیکن سکیورٹی پر مامور اہلکاروں نے اسکی خوب پٹائی کی اور اسے گھسیٹے ہوئے وہاں سے لے گئے لیکن اپنی درگت بننے کے باوجود اس لیگی کارکن کا جذبہ ٹھنڈا نہ ہوا اور اس نے دوبارہ واپس آکر زور زور سے شیر شیر کے فلک شگاف نعرے لگانا شروع کردئیے۔ یوم تکبیر کی تقریب میں بدنظمی پھیل گئی۔ تاہم بعدازاں نوازشریف نے اس کارکن کو سٹیج پر بلایا، ہاتھ ملایا اور گلے لگایا۔ کارکن نے نوازشریف کے ہاتھ چومے۔ کارکن نے بتایا وہ نوازشریف سے ہاتھ ملانا چاہتا تھا۔ خواجہ سعد رفیق نے بھی متاثرہ کارکن کو گلے لگایا۔