لاہور(خصوصی رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے وزرائ، ارکان قومی و صوبائی اسمبلی، مسلم لیگی رہنمائوں نے ملاقاتیں کیں۔وزرائ،ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کا وزیراعلیٰ شہباز شریف کی قیادت پر غیر مشروط اظہار اعتمادکرتے ہوئے کہاکہ شہبازشریف نے پنجاب سنواراہے اور شہباز شریف ہی پاکستان سنواریں گے۔ وزیراعلیٰ شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے عوام کی ترقی اور خوشحالی کیلئے دن رات جی لگا کر کام کیااورترقی و خوشحالی پاکستان بھر میں پنجاب کی پہچان بن چکی ہے۔ پنجاب میں میگاپراجیکٹس سے شہروں کا نقشہ بدل چکا ہے۔ انہوںنے کہا کہ پنجاب کے ضلعی ہسپتالوں کا معیار اور جدید طبی سہولیات کسی اعلیٰ ہسپتال سے قطعاً کم نہیں۔پنجاب میں ہیلتھ کلچر بدل چکا ہے۔ انہوںنے کہا کہ ہسپتالوں میں 24 گھنٹے سی ٹی سکین ٹیسٹ کی سہولت میسر ہے۔ انہوںنے کہا کہ صوبہ بھر کے ضلعی ہسپتالوں میں تمام مریضوں کے میڈیکل ٹیسٹ مفت ہوں گے۔ مسلم لیگ (ن) عوام کی خدمت کا پرچم لیکر انتخابی میدان میں اترے گی۔انہوںنے کہا کہ ہم نے عوام کی خدمت کی، شہروں اور دیہات میں ترقیاتی پراجیکٹس لائے۔ الیکشن میں سر اٹھا کر حصہ لیں گے۔ عوام دھرنا پارٹی اور ترقی اور خوشحالی کیلئے عوام کی خدمت کرنیوالوں میں فرق خوب جانتے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات کرنے والوں میںصوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن رضا علی گیلانی، رکن قومی اسمبلی سردار ممتاز خان تمن، رشید احمد خان،شہزادی عمر زادی ٹوانہ، معاون خصوصی ملک محمد احمد خان، رکن پنجاب اسمبلی ملک احمد سعید خان، فیضان خالد ورک، ملک علی عباس کھوکھراوررائو کاشف رحیم خان شامل تھے۔ علاوہ ازیں شہبازشریف نے کہا ہے کہ پنجاب کی ترقی و خوشحالی کے سفر میں پروفیشنل افسروں اور محنتی سٹاف نے ناقابل فراموش کردار ادا کیا - ان کا احسان کبھی نہیں بھول سکتا - وزیراعلیٰ آفس کے افسران اورسٹاف کے اعزاز میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلی شہباز شریف نے کہا کہ پنجاب حکومت نے ٹیم ورک سے صوبے کا نقشہ بدل دیاہے ۔انہوںنے کہا کہ میرے افسروں نے پانچ سال دن رات بے پناہ محنت کی ہے، اپنی ٹیم کے ساتھ گزار ے گئے لمحات میری زندگی کاقیمتی سرمایہ ہے ۔ وزیراعلی نے نام لیکر افسروں ، سٹاف ، ڈرائیوروں ، سپاہیوں اور دیگر اہلکاروں کی ستائش کی اورپانچ سالہ دور میں گزرنے والے مختلف واقعات کو دہرایا۔ مزید برآں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے بیان پر شہباز شرف نے اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ نیازیصاحب محنت کرو، حسد نہ کرو اور قوم کا قیمتی وقت ضائع نہ کرو۔