کوئٹہ، اسلام آباد (بیورو رپورٹ+ این این آئی+ نوائے وقت رپورٹ) سندھ، خیبر پی کے، پنجاب اور بلوچستان میں گرمی کی شدید لہر برقرار ہے۔ بلوچستان کے علاقے تربت میں شدید گرمی کی لہر کے باعث پارا 54 ڈگری سینٹی گریڈ تک جاپہنچا۔ علاوہ ازیں بیشتر شہروں میں بھی درجہ حرارت 42 ڈگری سے اوپر رہا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہا جبکہ بالائی سندھ، مکران، سبی، سرگودھا ڈویژن میں موسم شدید گرم رہا۔ دادو، جیکب آباد، موہنجوداڑو، سکھر، پڈعیدن 49، لسبیلہ، لاڑکانہ اور رحیم یار خان میں 48 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ کراچی میں بھی گرمی اپنی شدت دکھا رہی ہے۔ آج سے جمعرات تک درجہ حرارت 44 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔ ماہرین نے ہدایت کی ہے کہ شہری بلاضرورت دھوپ میں نہ نکلیں۔ دوسری طرف محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دور ان راولپنڈی، اسلام آباد سمیت کشمیر اور گلگت بلتستان میں بعض مقامات پر تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج منگل کو ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک جبکہ سندھ، جنوبی/وسطی پنجاب، ڈی آئی خان، سبی، مکران ڈویژن میں موسم شدید گرم رہیگا۔ مالاکنڈ، ہزارہ، راولپنڈی ڈویژن، اسلام آباد، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بعض مقامات پر تیز ہوائوں/ آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
گرمی کی شدید لہر برقرار، تربت میں پارہ 54 ڈگری تک جاپہنچا
May 29, 2018